ایڈیلیڈ،17 دسمبر (یواین آئی )ایشیز سیریز کے تیسرے میچ کے پہلے روز اختتام تک آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنالیے۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ جیک ویدرالڈ 18 اور ٹریوس ہیڈ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔گزشتہ روز آئی پی ایل میں سب سے مہنگے فروخت ہونے والے کیمرون گرین بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔
عثمان خواجہ اور ایلکس کیری کے درمیان 91 رنز کی شراکت نے آسٹریلوی ٹیم کو سہارا دیا۔میچ سے 20 منٹ قبل اسٹیو اسمتھ کے بدلے ٹیم میں جگہ حاصل کرنے والے عثمان خواجہ نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ عثمان خواجہ نے 82 رنز کی اننگز کھیلی 126 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکے مارے ۔جوش انگلش نے 39 گیندوں میں 4 چوکوں کی بدولت 32 رنز بنائے جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے 13 رنز اسکور کئے اور وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری نے 143 گیندوں میں 8 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 106 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کو تیسرے ایشیز ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا کیونکہ اسٹیو اسمتھ کو کان میں مسئلے کے باعث ٹیم سے باہر ہونا پڑا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسٹیو اسمتھ کان کے اندرونی حصے میں تکلیف کے باعث فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہے اور ٹاس سے صرف 20 منٹ قبل میدان چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے بعد آخری لمحات میں عثمان خواجہ کو اسکواڈ میں واپس بلا لیا گیا ہے۔ عثمان خواجہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے اور اسمتھ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ ٹاس کے موقع پر کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ نے آج صبح کوشش کی لیکن وہ اس میچ کے لیے فٹ محسوس نہیں کر رہے تھے اس لیے وہ گھر واپس جا رہے ہیں، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس عثمان جیسا تجربہ کار کھلاڑی موجود ہے جو فوراً ٹیم میں شامل ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایشیز سیریز کا ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، عثمان خواجہ نے 82 رنز کی اننگز کھیلی 126 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکے مارے۔
آسٹریلیا کی 94 رنز پر چار وکٹیں گر چکی تھیں، عثمان خواجہ نے ایلیکس کیری کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 91 رنز بنائے۔ خیال رہے کہ عثمان خواجہ پہلے ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں زیر غور نہیں لایا گیا تھا ۔ پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔