ملان پور، 29 مئی (یو این آئی) سویاش شرما اور جوش ہیزل ووڈ (تین تین وکٹ) اور یش دیال (دو وکٹ) کی مہلک گیند بازی کے بعد فل سالٹ (ناٹ آؤٹ 56) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلورو نے جمعرات کو انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے کوالیفائر ون مقابلے میں پنجاب کنگز کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔
رائل چیلنجرز ٹیم کے کپتان رجت پاٹیدار نے آج یہاں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری پنجاب کنگز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 50 کے اسکور تک پانچ وکٹیں گنوا دیں۔دوسرے اوور میں ہی یش دیال نے پریانش آریہ (سات) کو آؤٹ کر کے بنگلورو کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں بھونیشور کمار نے پربھسمرن سنگھ (18) کو اپنا شکار بنایا۔ چوتھے اوور میں پنجاب کا تیسرا وکٹ جوش ہیزل ووڈ نے لیا جنہوں نے کپتان شریاس ایر (دو) کو آؤٹ کیا۔ جوش انگلیس (چار) بھی ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ نہال وڈھیرا (آٹھ)، ششانک سنگھ (تین) اور مشیر خان (صفر) پر آؤٹ ہوئے۔ پنجاب کی جانب سے مارکس اسٹونیس نے سب سے زیادہ 26 رن کی اننگز کھیلی۔ عظمت اللہ عمرزئی نے (18) رن بنائے۔ رائل چیلنجرز کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے پنجاب کی پوری ٹیم 14.1 اووروں میں 101 کے اسکور پر سمٹ گئی۔سویاش شرما اور جوش ہیزل ووڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ یش دیال نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ روماریو شیفرڈ اور بھونیشور کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 102 رن کے ہدف کے تعاقب میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی فل سالٹ اور وراٹ کوہلی کی اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 30 رن جوڑے۔ چوتھے اوور میں کائل جیمیسن نے وراٹ کوہلی (12) کو آؤٹ کرکے پنجاب کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے مینک اگروال (19) مشیر خان کا شکار بنے۔
اس دوران فل سالٹ چوکے اور چھکے لگاتے رہے۔ رائل چیلنجرز بنگلورو نے مقررہ 10 اووروں میں دو وکٹ پر 106 رن بنائے اور میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔ فل سالٹ نے 27 گیندوں میں چھ چوکے اور تین چھکے لگا کر (ناٹ آؤٹ 56) رن بنائے۔ کپتان رجت پاٹیدار آٹھ گیندوں میں (15) رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔