موہالی، 15 اپریل (یواین آئی) پنجاب کنگز کے گیندبازوں نے چھوٹے اسکور کا شاندار دفاع کرتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 31ویں میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرز (کے کے آر) کی پوری ٹیم کو 95 رن کے اسکور پر آل آوٹ کرکے 16 رن سے شکست دے دی ۔ پنجاب کنگز نے آئی پی ایل کی تاریخ کے کم ترین سکور کا دفاع کیا۔ ٹیم نے منگل کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ملان پور میں 112 رنز کے ہدف کا تعاقب نہیں کرنے دیا۔ مہاراجہ یادوندر سنگھ اسٹیڈیم میں منگل کو کے کے آر کی ٹیم محض95 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔پنجاب کی جانب سے یوزویندر چہل نے 4 وکٹیں لے کر میچ کا رخ موڑ دیا۔ مارکو جانسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں اتری کولکاتا کی شروعات پہلے ہی خراب رہی اور ٹیم نے پہلے ہی اوور میں وکٹ گنوا دی۔ مارکو یانسن نے اوور کی چھٹی گیند گڈ لینتھ پر ان سوئنگ کرائی۔ نرائن پل کرنے گئے، لیکن بولڈ ہو گئے۔ وہ صرف 5 رنز ہی بنا سکے۔کولکاتا نے دوسرے اوور میں دوسرا وکٹ بھی گنوا دیا۔ زیویر بارٹلیٹ نے اوور کی دوسری گیند فل لینتھ پر ان سوئنگ کرائی۔ کوئنٹن ڈی کوک نے فلک کیا، لیکن ڈیپ اسکوائر لیگ باؤنڈری پر سوریاش شیڈگے کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ڈی کوک صرف 2 رنز بنا سکے۔ شروع کے 2 اوور میں 2 وکٹیں گنوانے کے بعد کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی اننگ کچھ سنبھلی۔ ٹیم نے 6 اوورز میں 55 رنز بنا لیے۔ لیکن جلد ہی کولکاتا نے آٹھویں اوور میں تیسرا وکٹ گنوا دیا۔ یوزویندر چہل نے اوور کی چوتھی گیند پر اجنکیا رہانے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ رہانے نے 17 رنز بنائے۔کولکاتا نے دسویں اوور میں چوتھا وکٹ بھی گنوا دیا۔ یوزویندر چہل نے اوور کی پہلی گیند پر انگکرت رگھونشی کو کیچ کرایا۔ رگھونشی نے 28 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔کولکاتا نے گیارہویں اوور میں پانچواں وکٹ بھی کھو دیا۔ گلین میکسویل نے اوور کی چوتھی گیند گڈ لینتھ پر کرائی۔ وینکٹیش ایر سویپ کرنے گئے، لیکن گیند ان کے پیڈز پر لگی۔ پنجاب نے اپیل کی اور امپائر نے آؤٹ قرار دیا۔
کولکاتا نے بارہویں اوور میں چھٹا وکٹ بھی گنوا دیا۔ یوزویندر چہل نے اوور کی تیسری گیند آف اسٹمپ کے باہر فلائٹڈ کرائی۔ رنکو سنگھ سنگل لینے کے چکر میں کریز سے باہر نکل آئے۔ وکٹ کیپر جوش انگلس نے انہیں اسٹمپ آؤٹ کر دیا۔یوزویندر چہل نے بارہویں اوور میں اپنا چوتھا وکٹ لیا۔ انہوں نے اوور کی چوتھی گیند فلائٹڈ کرائی، رمن دیپ سنگھ سویپ کرنے گئے، لیکن لیگ سلپ میں شریس ایر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ رمن دیپ کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔
کولکاتا نے تیرہویں اوور میں آٹھواں وکٹ بھی کھو دیا۔ مارکو یانسن نے اوور کی پانچویں گیند شارٹ پچ کرائی۔ ہرشت رانا دفاع کرنے گئے، لیکن گیند ان کے بیٹ سے لگ کر وکٹوں سے جا ٹکرائی۔ ہرشت صرف 3 رنز ہی بنا سکے۔کولکتہ نے 15ویں اوور میں اپنا 9واں وکٹ بھی کھو دیا۔ اوور کی آخری گیند پر ارشدیپ سنگھ نے باؤنسر پھینکا اور ویبھو اروڑہ جوش انگلش کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ وہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔کولکتہ کو آخری 30 گیندوں میں 17 رنز درکار تھے۔ مارکو جانسن بولنگ کرنے آئے ۔ انہوں نے اوور کی شارٹ پچ کی پہلی گیند پھینکی، آندرے رسل بڑا شاٹ کھیلنے گئے لیکن گیند ان کے بلے سے ٹکرائی اور اسٹمپ سے ٹکرا گئی۔رسل کی وکٹ سے کولکتہ کی ٹیم 95 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یانسن کو تیسرا وکٹ ملا اور پنجاب نے میچ 16 رنز سے جیت لیا۔ انہوں نے آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے کم اسکور کا دفاع کیا۔اس سے قبل پنجاب کنگز کے کپتان شریئس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ جوڑی پریانش آریہ اور پربھسمرن سنگھ نے پہلا وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے۔ تیسرے اوور میں ہرشت رانا نے پہلے پریانش آریہ کو (22 رنز، 12 گیندوں پر) اور پھر کپتان شریئس ایر (صفر) کو آؤٹ کر دیا۔ اگلے اوور میں ورون چکرورتی نے جوس انگلس (دو) کو بولڈ کر کے تیسرا جھٹکا دیا۔ چھٹے اوور میں ہرشت رانا نے پربھسمرن سنگھ کو بھی پویلین بھیجا جنہوں نے 15 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔نیہال وڈھیرا (10) کو اینرک نورٹجے نے آوٹ کیا۔ گلین میکسویل (سات) کو ورون چکرورتی نے بولڈ کیا۔ سوریانش شیڈگے (چار) اور مارکو یانسن (ایک) بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔ ششانک سنگھ (18) نویں اور جیویئر بارٹلیٹ (11) دسویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ پنجاب کی پوری ٹیم 15.3 اوور میں 111 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔کولکاتا کی طرف سے ہرشت رانا نے تین، چکرورتی اور نارائن نے دو دو وکٹیں لیں، جبکہ ویبھواروڑا اور نورٹجے کو ایک ایک وکٹ ملی۔