چنئی، 11 اپریل (یواین آئی) آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں کولکاتا نائٹ رائڈرس نے چنئی سپر کنگس کو آٹھ وکٹوں سے ہرادیا۔ 104رن کے مقررہ ہدف کو کولکاتا نے 10.1اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔کولکاتا کی طرف سے سنیل نے 44،ڈی کاک نے 23اور رہانے نے 20رن بنائے۔ازیں قبل سنیل نرائن (تین وکٹ)، ہرشت رانا اور ورون چکرورتی (دو، دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 25ویں مقابلے میں چنئی سپر کنگز کو صرف 103 رنز پر محدود کر دیا۔ آج یہاں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے کپتان اجنکیا رہانے نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری چنئی سپر کنگز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور 16 رنز کے اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔ ڈیون کونوے (12) کو معین علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے کولکاتا کو پہلی کامیابی دلائی۔اس کے بعد پانچویں اوور میں ہرشت رانا نے راچن رویندرا (چار) کو آؤٹ کر کے چنئی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد وجے شنکر اور شیوم دوبے نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 43 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ 10ویں اوور میں ورون چکرورتی نے وجے شنکر (29 رنز، 21 گیندوں پر) کو آؤٹ کر کے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد چنئی نے محض 20 رنز جوڑ کر اپنے مزید پانچ وکٹ گنوا دیے۔ 17.2 اوورز میں چنئی کے 79 رنز پر نو وکٹ گر چکے تھے۔ ایسے مشکل حالات میں شیوم دوبے اور انشل کامبوج نے جدوجہد کرتے ہوئےاننگز سنبھالی اور ٹیم کے اسکور کو 100 کے پار پہنچایا۔ چنئی نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 103 رنز بنائے۔ شیوم دوبے 29 گیندوں میں 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کامبوج نے ناٹ ااوٹ 3 رنز بنائے۔دونوں بلے بازوں کے درمیان آخری وکٹ کے لیے 34 رنز کی ناٹ آوٹ شراکت داری ہوئی۔کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی طرف سے سنیل نرائن نے 3 وکٹ لیے۔ہرشت رانا اور ورون چکرورتی نے 2-2 وکٹ حاصل کیے۔ویبھوو اروڑہ اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔