احمد آباد، 29 مارچ (یو این آئی)آئی پی ایل میں آج نوے مقابلے میں گجرات نے ممبئی کو 36رنوں سے شکست دیدی۔ 197رن کے ہدف کاتعاقب کرتے ہوئے ممبئی کی ٹیم20اوور میں چھ وکٹ پر 160 رن ہی بناپائی۔
قبل ازیں سائی سدرشن (63)، شوبھمن گل (38) اور جوس بٹلر (39) کی شاندار اننگز کی بدولت گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) نے ہفتہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں آٹھ وکٹ پر 196 رن بنائے۔سائی سدرشن نے کپتان گل کے ساتھ مل کر اننگز کا شاندار آغاز کیا اور 8.3 اوور میں پہلی وکٹ کے لیے 78 رن جوڑے۔ اس دوران گل نے رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں ہاردک پانڈیا کی گیند کو پل کرنے کی کوشش کی لیکن ڈیپ بیکورڈ اسکوائر لیگ پر کھڑے نمن دھیر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ نئے بلے باز جوس بٹلر نے سدرشن کا بھرپور ساتھ دیا اور شاندار بلے بازی کی لیکن وہ بھی مجیب الرحمان کی پھرکی میں پھنس کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اپنی مختصر اننگز میں انہوں نے پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شاہ رخ خان نو رن کے ذاتی اسکور پر پانڈیا کا دوسرا شکار بنے۔
دوسری جانب اپنی نصف سنچری مکمل کرنے والے سدرشن کو 18ویں اوور کی آخری گیند پر ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا۔ راہول تیوتیا رن چرانے کی کوشش میں پہلی ہی گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔ شیرفن ردرفورڈ (18) نے دو آسمانی چھکے لگا کر شائقین کو مسحور کیا۔آخری اووروں میں رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں جی ٹی کے تین بلے بازوں نے اپنی وکٹیں گنوائیں اور ممبئی کے گیند بازوں نے گجرات کو 196 رن تک محدود کردیا۔