لکھنو12اپریل:لکھنؤ سپرجائنٹس نے آئی پی ایل 2025 میں اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گجرات ٹائٹنس کی فتح کا سلسلہ روک دیا۔ کپتان رشبھ پنت کی بلے سے ناکامی کے باوجود لکھنؤ نے اس سیزن میں اپنی چوتھی فتح حاصل کر لی ہے۔ لکھنؤ کے ایکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں لکھنؤ نے آخری اوور تک چلے مقابلے میں گجرات کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔ یہ شکست گجرات کو لگاتار 4 جیت کے بعد ملی ہے، جبکہ لکھنؤ کی یہ لگاتار تیسری جیت ہے۔ گجرات کی جیت کے ہیرو بلے بازی میں نکولس پورن (34 گیندوں میں 61 رن) اور گیندبازی میں شاردل ٹھاکر (4 اوورس میں 34 رن، 2 وکٹ) رہے۔ ایڈن مارکرم کی کارکردگی بھی بہترین رہی جنھوں نے 31 گیندوں میں 58 رن بنائے اور 2 بہترین کیچ بھی لیے۔ سلامی بلے باز مارکرم کو ہی پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ ایکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں دونوں ٹیموں نے شروعات بہترین کی۔ گجرات نے پہلے بلے بازی کی اور 10 اوور میں ہی بغیر کسی نقصان کے 103 رن بنا لیے تھے۔ اس کے بعد جو 10 اوورس ہوئے، اس میں لکھنؤ کے گیندبازوں نے بہترین واپسی کی۔ گجرات نے 20 اوورس میں کسی طرح 6 وکٹ کے نقصان پر 180 رن بنا لیے۔ جیت کے لیے ضروری 181 رنوں کا ہدف حاصل کرنے جب لکھنؤ کی ٹیم اتری، تو اس نے بھی 10 اوورس میں 100 رن پار کر لیے تھے۔ اس کے بعد گجرات کے گیندبازوں نے واپسی کر میچ کو دلچسپ بنا دیا، لیکن آخر اوور تک چلے اس میچ میں لکھنؤ نے 6 وکٹ سے جیت حاصل کر لی۔ گجرات کی طرف سے کپتان گل (60 رن) اور سائی سدرشن (56 رن) نے زوردار شروعات دی تھی۔ دونوں بلے بازوں نے بہترین نصف سنچری لگائی۔ دونوں کے درمیان 12.1 اوورس میں 120 رنوں کی شراکت داری ہوئی، جو اس سیزن میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ تیرہویں اوور میں جب شبھمن گل آؤٹ ہوئے، اس کے بعد سے لکھنؤ کے گیندبازوں نے اپنی گرفت مضبوط کرنی شروع کر دی۔ گجرات کے وکٹ تھوڑے تھوڑے وقفہ پر گرتے رہے اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم 200 کے اسکور تک نہیں پہنچ سکی۔ لکھنؤ کی بات کی جائے تو مچیل مارش آج کے میچ میں نہیں تھے، اس وجہ سے کپتان رشبھ پنت (21 رن) اوپننگ کرنے اترے۔ اس بار ان کے بلے سے کچھ رن ضرور نکلے، لیکن انھوں نے بہت زیادہ متاثر نہیں کیا۔ دوسرے سلامی بلے باز ایڈن مارکرم تیزی سے رن بنا رہے تھے اور کبھی بھی لکھنؤ کو بیک فٹ پر نہیں آنے دیا۔ پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد نکولس پورن نے ایسی طوفانی بلے بازی کی کہ گجرات کے گیندباز حیران و پریشان نظر آئے۔ انھوں نے محض 23 گیندوں میں ہی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ دونوں نے 11 اوورس میں ہی ٹیم کو 120 رن کے پار پہنچا دیا۔ بارہویں اوور میں مارکرم آؤٹ ہوئے، اور پھر سولہویں اوور میں پورن بھی پویلین لوٹ گئے۔ یہاں سے گجرات نے اسپنرس کے دم پر کچھ واپسی کی، اور میچ کو آخری اوور تک لے گئے۔ آخر میں آیوش بڈونی (ناٹ آؤٹ 28 رن) نے لگاتار دو گیندوں پر چوکا اور چھکا جما کر ٹیم کو لگاتار تیسری جیت دلا دی۔