نئی دہلی، 11 جولائی (یو این آئی) لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کے پرنسپل سکریٹری نے دہلی حکومت کے چیف سکریٹری کو خط لکھ کر قومی راجدھانی میں آدھار کارڈ جاری کرنے کے لئے سخت اصولوں کو نافذ کرنے کو کہا ہے۔مسٹر ونے کمار سکسینہ کے پرنسپل سکریٹری نے آج چیف سکریٹری کو خط لکھ کر کہا کہ سکیورٹی کی جائزہ میٹنگوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہت سارے باہر لوگ جعلی دستاویزات یا غلط معلومات کے ذریعہ آدھار کارڈ حاصل کر رہے ہیں۔ اس دستاویز کی بنیاد پر پاسپورٹ اور ووٹر کارڈ جیسے اہم دستاویزات بنائے جا رہے ہیں۔ آدھار کارڈ حاصل کرنے کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کو مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی فلاحی اسکیموں کے تحت فائدہ بھی مل رہا ہے۔ اس کا مقامی باشندوں پر برا اثر پڑ رہا ہے۔ یہ صورتحال ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کی سکریٹریٹ نے تمام رجسٹرار کو آدھار (اندراج اور اپڈیٹ) ضوابط، 2016 کی دفعات کی سختی سے پیروی کرنے اور دو ماہ کے اندر آدھار اندراج کے داخلی ماڈل کو اپنانے کی ہدایت دی ہے۔ میونسپل اداروں کے ساتھ ریاستی حکومت کے ذریعہ قائم کردہ تمام انرولمنٹ مراکز کے موجودہ کام کاج کی تفصیلات 15 جولائی تک جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔