ہیملٹن، یکم اپریل (یو این آئی) نیوزی لینڈ کے اوپنر مارک چیپ مین پٹھوں میں کھینچاؤ کے باعث پاکستان کے خلاف بدھ کو ہونے والے دوسرے ون ڈے سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ ٹم سیفرٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔چیپ مین نے نیپئر میں سیریز کے پہلے میچ میں شاندار سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو 73 رن سے فتح دلائی تھی۔ لیکن چیپ مین نے میدان میں رہتے ہوئے پٹھوں میں کھینچاؤ کی شکایت کی اور اس کے بعد کے اسکین میں متاثرہ حصے میں ایک گریڈ ون ٹیئر کا پتہ چلا۔چیپ مین صحتیابی کے لیے آکلینڈ واپس آئیں گے۔ نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ کا خیال ہے کہ مارک ہفتہ کو ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں سیریز کے تیسرے میچ کے لئے واپس آجائیں گے۔اسٹیڈ نے کہا ’’یہ واضح طور پر نیپئر میں پہلے ون ڈے میں انتہائی خاص اننگز کھیلنے کے بعد مارک کے لیے مایوس کن خبر ہے۔ ان کی ہیمسٹرنگ کی انجری معمولی ہے، اس لیے ہمیں امید ہے کہ مارک مکمل طور پر صحت یاب ہوکر ماؤنٹ میں موسم گرما کے فائنل میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔‘‘انہوں نے کہا ’’اس ٹیم میں بہت سے نئے چہروں کے ساتھ، تجربہ کار ٹم کو موقع ملنا بہت اچھا ہے۔ وہ ایک زبردست ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد اچھی فارم میں ہیں اور وہ کل کے اہم میچ سے قبل ٹاپ آرڈر میں ایک اور مضبوط بیٹنگ کا متبادل فراہم کرتے ہیں۔‘‘