بھوپال:09؍اکتوبر:مدھیہ پردیش ٹریول مارٹ (ایم پی ٹی ایم) 2026 کے دوسرے دن جمعرات کو راجدھانی بھوپال میں ریاست کے سیاحت کو نئی بلندی دینے کے مقصد سے دو انتہائی اہم اجلاس منعقد کیے گئے۔ ان میں ’ایڈونچر ٹورزم‘ اور ’مائس و کری ایٹو اکانومی‘ موضوعات پر منعقدہ گول میز اجلاس میں ملک کے معروف ماہرین، پالیسی سازوں اور صنعت کے نمائندوں نے ریاست کو مستقبل کا اہم ٹورزم ہب بنانے کی حکمتِ عملی پر گہرے غور و خوض کیا۔
اندور اور بھوپال میں تقریبات کے بے پناہ امکانات
’’مائس و کری ایٹو اکانومی: اقتصادی ترقی کے محرک، مدھیہ پردیش کی ایونٹ اکانومی کی تعمیر‘‘ موضوع پر گول میز اجلاس میں مرکزی وزارتِ سیاحت کے جوائنٹ سکریٹری اور انڈیا کنونشن پروموشن بیورو (ICPB) کے چیئرمین مسٹر ہری کشور ایس. نے کہا کہ ملک میں مائس (میٹنگز، انسینٹوز، کانفرنسز اور ایگزیبیشنز) اور لائیو ایونٹس کا دائرہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ہندوستان کی مائس مارکیٹ تقریباً 37,576 کروڑ کی ہو چکی ہے اور لائیو ایونٹس سیکٹر کے سال 2028 تک 19,600 کروڑ تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔ ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں میں بڑھتی ہوئی مانگ کو دیکھتے ہوئے اندور اور بھوپال میں اہم بین الاقوامی اور قومی تقریبات کے مراکز بننے کی وسیع صلاحیت ہے۔
انہوں نے ریاست میں سٹی مائس پروموشن بیورو کے قیام، ریاستی مائس حکمتِ عملی کی تیاری اور بڑے کنونشن مقامات تیار کرنے کی تجویز دی۔ اس اجلاس کی نظامت ٹورنوس کے بانی اور سی ای او مسٹر پرتیک ہیرا نے کی۔
ڈیسٹینیشن ویڈنگز اور ایکسپیرینس اکانومی کو فروغ
سیشن کے دوران فکّی ایم آئی سی ای ٹورزم کمیٹی کے صدر اور وِزکرافٹ گروپ کے شریک بانی مسٹر سبّاس جوزف نے ’’مدھیہ پردیش: دی ایکسپیرینس اکانومی اپرچونیٹی‘‘ پر پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے اس بات کو نمایاں کیا کہ اورچھا، کھجوراہو، مہیشور، مانڈو اور گوالیار جیسے تاریخی اور ثقافتی شہر منفرد ڈیسٹینیشن ویڈنگز اور تہواروں کی تقریبات کے لیے پوری طرح موزوں ہیں۔ انہوں نے ویڈنگ پلانرز کے لیے تعارفی دوروں (Fam Tours)، تصدیق شدہ شادی کے مقامات اور خدمات فراہم کرنے والوں کا پورٹ فولیو تیار کرنے، نیز ریاست کے روایتی پکوان، فن، ثقافت، ہینڈلوم اور دستکاری کو شامل کرتے ہوئے مکمل تقریب کے پیکیج تیار کرنے پر زور دیا۔
محفوظ اور جامع ایڈونچر ہبز تیار کیے جائیں گے
’ایڈونچر ٹورزم 2030‘ گول میز اجلاس میں ریاست کو ایڈونچر ٹورزم کی ریاست بنانے پر غور و خوض ہوا۔ سکریٹری سیاحت اور مدھیہ پردیش ٹورزم بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر الیئاراجا ٹی. نے ریاست میں ایڈونچر ٹورزم کے امکانات کو نئی سمت دینے کے لیے سال 2027 کو ’’ایڈونچر ایئر‘‘ مانتے ہوئے مہم جوئی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی کوششیں کرنے کی بات کہی۔
اجلاس کے اہم مقرر پدم شری اجیت بجاج (سابق چیئرمین، ATOAI) نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ایڈونچر پارکس اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سرکاری و نجی شراکت داری (PPP) ماڈل پر کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الگ الگ سرگرمیوں کے مقامات کے بجائے جامع ایڈونچر ہبز بنائے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی مہم جوئی کی سرگرمیوں میں حفاظتی معیارات، تصدیق شدہ گائیڈز، سرگرمی کے لحاظ سے معیاری عملی طریقہ کار (SOPs)، ہنگامی بچاؤ کا نظام اور طبی بیمے کے انتظام کو سب سے زیادہ ترجیح دی جائے۔ گول میز اجلاس میں ایڈیشنل منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ابھے ارویند بیڈیکر اور جوائنٹ ڈائریکٹر (ایڈونچر) مسٹر سنتوش کمار شریواستو بھی موجود رہے۔









