جکارتہ 24 اکتوبر(یواین آئی ) انڈونیشیا نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی کھیلوں کا انعقاد کرتا رہے گا۔ عرب ٹی وی کے مطابق انڈونیشیا کا یہ اصرار اس وقت سامنے آیا ہے جب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی آئی او سی نے دنیا بھر کی کھیلوں کی فیڈریشن سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھیلوں کے مقابلے انڈونیشیا میں نہ رکھیں کیونکہ انڈونیشیا نے جمناسٹک کے حالیہ مقابلوں میں اسرائیلی ٹیموں کے آنے پر پابندی لگائی ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی آئی او سی نے یہ ہدایت کھیلوں سے متعلق بین الاقوامی فیڈریشنز کو جاری کی، جس کے ردعمل میں انڈونیشیا کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں کھیلوں کی میزبانی اور کھیلوں سے متعلق مقابلوں کا سلسلہ اسی شد و مد سے جاری رکھے گا جس طرح پہلے تھا۔
آئی او سی نے انڈونیشیا سے مطالبہ کیا تھا کہ جب تک انڈونیشیا یہ ضمانت فراہم نہیں کرتا کہ اس کے ہاں ہر ایک کو کھیلنے کی اجازت ہوگی اسے بھی آئی او سی کے اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آئی او سی کے بورڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نیآئندہ سال اولمپک سے متعلق کسی کھیل کی میزبانی کے حوالہ سے انڈونیشیا کے ساتھ بات چیت معطل کر دی ہے۔ دوسری جانب انڈونیشیا کے یوتھ اور کھیلوں سے متعلق وزیر نے جکارتہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی کھلاڑیوں پر پابندی جاری رہے گی۔
ایم پی سیٹ امتحان میں عربی۔فارسی کو شامل کیا جائے۔فرمان ضیائی
بھوپال 24/اکتوبر(پریس ریلیز)بزم ضیاء سرونج کے صدر فرمان ضیائی نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ سال 23-2022 کے مدھیہ پردیش ریاستی اہلیتی امتحان(mpset)منعقد کا اشتہار نکالا گیا ہے۔جس میں عربی اور فارسی مضامین کو امتحان سے ہٹا دیا گیا ہے اور نئے مضامین کو جوڑا گیا ہے۔جبکہ عربی اور فارسی فوج جیسے اہم محکمہ میں لازمی ہے۔اسی سلسلے میں فرمان ضیائی کی قیادت میں عربی اور فارسی کے طلبہ نے کمشنر محکمہ اعلیٰ تعلیم مدھیہ پردیش کو ایک عرض داشت سپرد کی جس میں گزارش کی گئی کہ طلبہ و طالبات کے مستقبل کو ملحوظ رکھتے ہوئےمدھیہ پردیش ریاستی اہلیتی امتحان(MPSET)میں عربی اور فارسی مضامین کو شامل کیا جائے۔









