نئی دہلی 9مئی:مرکزی حکومت نے فوجی چیف کو اختیار دیا ہے کہ وہ مستقل فوج کی مدد کے لیے ٹیریٹوریل آرمی (ٹی اے) کے افسران اور جوانوں کا تعاون حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ قدم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری تشدد کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے محکمہ فوجی امور نے 6 مئی کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ حکم 10 فروری 2025 سے 9 فروری 2028 تک 3 سالوں کے لیے نافذ رہے گا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ ٹیریٹوریل آرمی کا قیام 9 اکتوبر 1949 کو ہوا تھا اور گزشتہ سال اس کے قیام کے 75 سال پورے ہوئے ہیں۔ اس فورس نے دہائیوں کے اپنے سفر کے دوران جنگ کے وقت اور انسانی و ماحولیاتی تحفظ کے کاموں میں ملک کی خدمت کی ہے۔ یہ پوری طرح سے مستقل فوج کے ساتھ انٹگریٹیڈ ہے۔ قومی تعمیر کی کوششوں اور جنگ یا تشدد کے دوران کیے گئے تعاون کے احترام میں، ٹیریٹوریل آرمی میں کئی اشخاص کو بہادری کے ساتھ ساتھ خصوصی سروس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بہرحال، مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’ٹیریٹوریل آرمی رول 1948 کے رول 33 کے ذریعہ حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، مرکزی حکومت، فوجی چیف کو اس اصول کے تحت طاقتوں کا استعمال کرتے ہوئے ٹیریٹوریل آرمی کے ہر افسر اور ہر بھرتی شخص کو ضروری سیکورٹی فراہم کرنے یا مستقل فوج کو مدد یا تعاون کرنے کے مقصد سے شامل کرنے کے لیے طلب کرنے کا اختیار دیتی ہے۔‘‘