نئی دہلی، 07 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کی 24 رکنی نشانہ باز ٹیم، جس میں زیادہ تر شوٹرز قومی درجہ بندی میں چوتھے سے چھٹے نمبر پر ہیں، چین کے نِنگبو میں آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ رائفل/پسٹل ایونٹ میں عالمی چیمپیئن شوٹرز کا سامنا کرے گی۔ یہ مقابلے 9 ستمبر سے شروع ہوں گے اور چھ دن جاری رہیں گے۔منگل کو 10 میٹر ایئر رائفل اور ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹس کے فائنل کے ساتھ مقابلے کا آغاز ہوگا، جس میں ہندوستان دونوں ایونٹس میں نئے کمبی نیشن میدان میں اتارے گا۔ اولمپین رمیتا اور دیویانش سنگھ پوار، امہامہیش مڈڈینینی اور میگھنا سجنار کے ساتھ مل کر مکسڈ ایئر رائفل ایونٹ میں حصہ لیں گے، جبکہ ایک اور اولمپین ردم سانگوان نِشانت راوت کے ساتھ مکسڈ ایئر پسٹل ایونٹ میں اتریں گی۔ مکسڈ ایئر پسٹل میں ہندوستان کی دوسری جوڑی کے طور پر سُربھی راؤ اور امِت شرما بھی میدان میں ہوں گے۔تقریباً تمام بڑے شوٹنگ ممالک نے اس مرحلے میں مضبوط ٹیمیں بھیجی ہیں، جن میں میزبان چین بھی شامل ہے۔ چین کی ٹیم میں اولمپک چیمپیئن اور عالمی ریکارڈ ہولڈر شینگ لی ہاؤ جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔
سوئٹزرلینڈ کی کیارا لیون، جو خواتین کی 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن (3پی) میں اولمپک چیمپیئن ہیں، اور کوریا کی دو خواتین پسٹل اولمپک فاتح، او یے جِن اور یانگ جِن بھی نِنگبو میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔دیگر بڑے ممالک جیسے فرانس (20)، اٹلی (18)، جرمنی (15)، چیکیا (14) اور جاپان (13) نے بھی مضبوط ٹیمیں بھیجی ہیں۔ آسٹریلیا، ایران، سربیا، سلوواکیہ، ہنگری، رومانیہ اور ویتنام جیسے ممالک کے ٹاپ شوٹرز بھی نِنگبو مرحلے کو مزید سخت اور چیلنجنگ بنائیں گے۔









