گوانگجو (جنوبی کوریا)، عالمی تیر اندازی چیمپئن شپ 2025 میں جمعہ کے روز ہندوستان کی گاتھا کھڈکے، ریکَرو کے پری کوارٹر فائنل میں تین بار کی اولمپک چیمپئن جنوبی کوریا کی لِم سی-ہیون سے ہار گئیں۔ اس شکست کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا سفر دو تمغوں کے ساتھ ختم ہوگیا۔ ہندوستان نے ایک طلائی اور ایک نقرئی تمغہ جیتا۔15 سالہ گاتھا کھڈکے کو ریکَرو کے پری کوارٹر فائنل میں دنیا کی نمبر ون اور تین بار کی اولمپک چیمپئن میزبان لِم سی-ہیون نے 6-0 سے شکست دی۔ یہ تیسری بار ہے کہ ہندوستان عالمی چیمپئن شپ میں ریکَرو میں تمغہ حاصل نہیں کر سکا۔ ریکَرو میں آخری تمغہ 2019 میں آیا تھا جب ترُون دیپ رائے، اتنو داس اور پروین جادھو کی مردوں کی ٹیم ڈین بوش میں فائنل تک پہنچی تھی۔عالمی چیمپئن شپ میں چھٹی بار شرکت کرنے والی چار بار کی اولمپئن دیپیکا کماری بھی کل خواتین کے انفرادی ریکَرو ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں انڈونیشیا کی دیانند چوئیرُنِسا سے 6-4 سے ہار گئیں۔ وہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں چھٹے نمبر پر رہی تھیں۔ ہندوستان کے نمایاں مرد ریکَرو تیر انداز، اولمپئن دھیرج بومّا دیورا بھی کوالیفکیشن میں 39ویں مقام پر رہنے اور پہلے ناک آؤٹ راؤنڈ میں ٹوکیو 2020 کے چیمپئن میٹے گازوز سے ہارنے کے بعد جلد باہر ہوگئے۔