ممبئی 17جولائی: بامبے ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ میں کہا ہے کہ ہندوستانی شہری کا یہ کوئی بنیادی حق نہیں ہے کہ وہ کسی رشتہ دار کے امریکی شہری بچے کو گود لے سکے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر کسی بچہ کو دیکھ بھال اور تحفظ کی ضرورت نہیں ہے یا وہ کسی قانونی خلاف ورزی کے عمل سے منسلک نہیں ہے تو ایسے بچے کو ہندوستانی قانون کے تحت گود نہیں لیا جا سکتا۔ یہ فیصلہ جسٹس ریوتی موہیتے ڈیرے اور جسٹس نیلا گوکھلے کی بنچ نے سنایا۔ دراصل ایک ہندوستانی جوڑے نے اپنے رشتہ دار کے بیٹے کو گود لینے کی عرضی داخل کی تھی۔ بچہ پیدائشی طور پر امریکی شہری ہے۔ ہائی کورٹ نے ان کی عرضی خارج کر دی اور کہا کہ یہ معاملہ ہندوستانی قانون کی حدود سے باہر ہے۔ عدالت نے کہا کہ جس بچہ کو گود لینے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ ہندوستان کے جوینائل جسٹس ایکٹ کے تحت دیکھ بھال اور تحفظ کی ضرورت والے بچے یا قانون سے ٹکراؤ میں آئے بچے کے زمرے میں نہیں آتا۔ اس لیے گود لینے سے متعلق ہندوستانی اصول و ضوابط اور قوانین کے تحت ایسے گود لینے کو جائز نہیں مانا جا سکتا۔ عدالت نے واضح طور پر کہا کہ جوینائل جسٹس ایکٹ اور گود لینے کے ضوابط میں ایسا کوئی التزام نہیں ہے جو کسی غیر ملکی شہری خواہ وہ رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں، اس کو ہندوستان میں گود لینے کی اجازت دیتا ہے۔ اس لیے عدالت نے اپنے غیر معمولی حقوق کا استعمال کرتے ہوئے بھی گود لینے کو منظوری دینے سے انکار کر دیا۔









