شِمکینٹ (قازقستان)،21 اگست (یواین آئی) — شِمکینٹ ، قازقستان میں جاری 16ویںایشیائی شوٹنگ چیمپئن شپ (رائفل/ پسٹل/شاٹ گن) کے چوتھے دن ہندوستانی نوجوان نشانے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں ہندوستان کے لیے پانچ میں سے چار طلائی تمغے جیتے اور سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔اس کارکردگی سے ہندوستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 26 تک پہنچ گئی جن میں 14 سونے، 6 چاندی اور 6 کانسی کے تمغے شامل ہیں، اور ہندوستان مضبوطی کے ساتھ تمغوں کی فہرست میں سرفہر ست ہے۔اس سے قبل، سینیئر مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں ہندوستان کےتینوں نشانے بازوں نےشاندارکوالیفا ئنگ راؤنڈ کھیلا اور ہندوستان کو ایک اور ٹیم گولڈ دلوایا۔ تاہم، رُدرانکش پاٹل اور ارجن بَبُوتا انفرادی فائنل میں تمغہ نہ جیت سکے اور بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔ رُدرانکش زیادہ تر وقت میڈل کی دوڑ میں شامل رہے لیکن 24 شاٹس کے فائنل میں 20ویں شاٹ کے بعد 207.6 کے اسکور پر باہر ہوگئے۔ ارجن دو شاٹ پہلے 185.8 کے اسکور کے ساتھ باہر ہوئے۔ مقامی کھلاڑی اسلام ستپایوف (قازقستان) نے سونے کا تمغہ جیتا، لو ڈِنگکے (چین) نے چاندی اور پارک ہیجون (کوریہ) نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
جونیئر مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں “تجربہ کار” جونیئر ابھینَو شا نے ہندوستان کے لیے سونے کا سلسلہ شروع کیا۔ انہوں نے نرن پرنَو (631.1 – تیسرا مقام) اور ہمانشو (630.9 – چوتھا مقام) کے ساتھ مل کر 628.1 کا انفرادی اسکور اور کُل 1890.1 کا ٹیم اسکور بنایا، جو نہ صرف ایشیائی بلکہ عالمی جونیئر ریکارڈ بھی ثابت ہوا اور ہندوستان کے لیے ٹیم گولڈ بھی لے آیا۔ اس کے بعد ابھینَو نے ایک سنسنی خیز فائنل کھیلا۔ پہلے پانچ شاٹس کے بعد وہ پانچویں نمبر پر تھے، لیکن دوسری سیریز کے بعد برتری حاصل کرلی۔ آخری مرحلوں میں ان کا سخت مقابلہ کوریا کے لی ہیونسِیو سے ہوا، جو ان سے دو سال بڑے تھے۔ 17ویں اور 18ویں شاٹ پر دو ہائی 9 آنے کے باوجود ابھینَو نے شاندار صبر و ضبط کا مظاہرہ کیا ۔21ویں شاٹ پر 10.9 اسکور کے ساتھ انہوں نے محض 0.1 پوائنٹ کے فرق سے گولڈ جیت لیا۔جونیئر خواتین اسکیٹ میں باری تھی مانسی رگھوونشی کی، جنہوں نے فائنل میں 60 میں سے 53 ٹارگٹ ہٹ کرکے سونے کا تمغہ جیتا۔ ساتھی شوٹر یشسوی راٹھور نے 52 کے اسکور کے ساتھ چاندی، جبکہ قازقستان کی لیڈیا باشارووا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ یہاں بھی مانسی نے آخر میں شاندار کھیل پیش کیا اور اپنے آخری 10 میں سے تمام ٹارگٹ ہٹ کیے، جبکہ یششوی نے دو ٹارگٹ چھوڑے اور چاندی پر اکتفا کیا۔ تیسری ہندوستانی کھلاڑی اَگریما کنور بھی فائنل میں پہنچیں لیکن چھٹے نمبر پر رہیں۔
جونیئر مردوں کی اسکیٹ ایونٹ میں، ہر مِہِر سنگھ للّی (کوالیفکیشن میں 115 پوائنٹس، تیسرا مقام) اور جوتیرَدِتیہ سنگھ سسودیا (110 پوائنٹس، پانچواں مقام) نے فائنل میں بالترتیب چاندی (52) اور کانسی (43) کے تمغے جیتے۔ قازقستان کے آرٹیوم سِیڈلنیکوف نے 53 پوائنٹس کے ساتھ سونا جیتا۔
تاہم، ہر مِہِر اور جوتیرَدِتیہ کو دن کا گولڈ بھی ملا، جب انہوں نے اَتُل سنگھ راجاوت (107) کے ساتھ مل کر ٹیم اسکور 338 بنایا اور جونیئر مردوں کی اسکیٹ ٹیم میں سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ اسکور قازقستان کی ٹیم سے چار پوائنٹ زیادہ رہا، جنہوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔









