ہانگژو (چین)، 05 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 11-0 سے شکست دے کر ایشیا کپ میں اپنے مہم کی بہترین شروعات کی۔ہندوستان کی جانب سے ممتاز خان (7ویں، 49ویں منٹ)، ادیتا (30ویں، 52ویں منٹ) اور بیوٹی ڈُنگ ڈُنگ (45ویں، 54ویں منٹ) نے دو، دو گول داغے، جبکہ سنگیتا کماری (10ویں)، نوینیت کور (16ویں)، لالریمسیا می (18ویں)، شرمیلا دیوی (57ویں) اور رتوجا داداسو پسل (60ویں منٹ) نے ایک، ایک گول کیا۔پہلے کوارٹر میں ممتاز خان (7ویں منٹ) اور سنگیتا کماری (10ویں منٹ) کے دو فیلڈ گول کی بدولت ہندوستان نے ابتدا سے ہی دباؤ بنا لیا۔ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے جارحانہ کھیل جاری رکھتے ہوئے مزید تین گول داغے۔ تجربہ کار فارورڈ نوینیت کور نے (16ویں منٹ) اور مڈفیلڈر لالریمسیا می نے (18ویں منٹ) مسلسل دو فیلڈ گول داغے جبکہ ادیتا نے (30ویں منٹ) پنالٹی کارنر پر گول کرکے پہلے ہاف کا اختتام شاندار انداز میں کیا۔
دوسرے ہاف میں بھی ہندوستان نے تھائی لینڈ کے دائرے میں مسلسل حملے جاری رکھے اور تیسرے کوارٹر میں چار پنالٹی کارنر حاصل کیے جن میں سے بیوٹی ڈُنگ ڈُنگ نے (45ویں منٹ) میں پہلا گول کیا۔ میچ کے آخری کوارٹر میں ہندوستان نے لگاتار پانچ گول داغ کر اپنے پہلے مقابلے میں بڑی کامیابی درج کی۔ ممتاز خان (49ویں منٹ)، ادیتا (52ویں منٹ) اور شرمیلا دیوی (57ویں منٹ) نے پنالٹی کارنر پر گول کیے، جبکہ بیوٹی ڈُنگ ڈُنگ (54ویں) اور رتوجا داداسو پسل (60ویں منٹ) نے فیلڈ گول اسکور کیے۔
ہندوستان کی ٹیم اب ہفتہ کے روز جاپان سے مقابلہ کرے گی۔