مانچسٹر، 10 جولائی (یو این آئی) رادھا یادو اور شری چارنی (دو-دووٹ )کی شاندار گیند بازی کے بعد اسمرتی مندھانا (32) اور شیفالی ورما (31) کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے چوتھے ٹی-20 مقابلے میں انگلینڈ کو 18 گیند رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ بدھ کی رات کھیلے گئے اس مقابلے میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 127 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی سلامی جوڑی اسمتری مندھانا اور شیفالی ورما نے پہلے وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت داری کی۔ ساتویں اوور میں شارلٹ ڈین نے شیفالی ورما کو 19 گیندوں پر 31 رنز بنا کر آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد جمائمہ روڈریگس نےا سمتری مندھانا کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن نویں اوور میں سوفی ایکلسٹن نے سمتری مندھانا کو 31 گیندوں پر 32 رنز بنا کر پویلین بھیجا ۔ ہندوستان کا تیسرا وکٹ کپتان ہرمنپریت کور کے طور پر گرا، جنہوں نے 26 رنز بنائے۔ امنجوت کور دو رنز پر رن آؤٹ ہوئیں۔
ہندوستانی ٹیم نے 17 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا کر میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔ جمائمہ روڈریگس 22 اور رچا گھوش 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے شارلٹ ڈین، سوفی ایکلسٹن اور اسی وونگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔اس سے پہلے انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 126 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور 21 رنز پر پہلا وکٹ گرا، ڈینیئل ویاٹ صرف پانچ رنز بنا کر شری چارنی کی گیند پر اروندھتی کے ہاتھوں کیچ ہو ئیں۔ اس کے بعد دیپتی شرما نے سوفیا ڈنکلی کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔ ٹیمی بیومونٹ کو (20) رادھا یادو نے آؤٹ کیا جبکہ ایلس کیپسی (18) شری چارنی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئیں۔ ایمی جونز (9) پیج اسکوفیلڈ (16) اور شارلٹ ڈین (4) رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
سوفی ایکلسٹن 16 اور اسی وونگ 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستان کی جانب سے رادھا یادو اور شری چارنی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ امنجوت کور اور دیپتی شرما نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔