شینزین، 18 جولائی (یواین آئی) ہندوستانی باسکٹ بال ٹیم کی فیبا ویمن ایشیا کپ 2025 ڈویژن بی جیتنے اور اعلیٰ سطح پر پہنچنے کی امیدیں سیمی فائنل کوالیفائر میں تھائی لینڈ سے 93-76 سے ہار کے ساتھ ختم ہو گئیں۔ جمعہ کو کھیلے گئے مقابلے میں شریکالا رانی اور پشپا سینتھل کمار دونوں نے ہندوستان کے لیے 23-23 پوائنٹس بنائے، جبکہ رتیاکورن اودومسوک 25 پوائنٹس کے ساتھ تھائی لینڈ کی طرف سے بہترین کھلاڑی رہیں۔
چونکہ صرف ڈویژن بی کی فاتح ٹیمیں ہی اگلے سال کے لیے ڈویژن اے میں ترقی حاصل کر سکتی ہیں، اس لیے یہ ہار ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ اس کے بعد، ہندوستانی خواتین کی باسکٹ بال ٹیم ہفتہ کو پانچویں پوزیشن کے کلاسیفیکیشن میچ میں منگولیا اور قازقستان کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کوالیفائر کی ہارنے والی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔اس سے قبل، ہندوستانی ٹیم گروپ اے میں دوسرے نمبر پر رہ کر سیمی فائنل کوالیفائر میں پہنچی تھی۔ چینی تائی پے نے یہ گروپ جیت کر براہ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔









