نئی دہلی7مئی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے پہلگام دہشت گردانہ عمل کے جواب میں بھارت کی طرف سے فوجی کارروائی (آپریشن سندور) پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیۃ علماء ہند ملک کی خودمختاری، سالمیت اور دفاع کے مسئلے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔ اگر پاکستان کی جانب سے کوئی جنگ مسلط کی جاتی ہے تو ہم واضح اور دو ٹوک الفاظ میں یہ اعلان کرتے ہیں کہ پورا ملک، تمام مذاہب کے لوگ اور بالخصوص مسلمان، اپنی فوج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ مولانا محمد مدنی کا کہنا ہے کہ ’’ہندستان ہمارا وطن ہے، اس کا دفاع ہماری قومی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ حب الوطنی، امن اور اتحاد کا پیغام دیا ہے اور آج جب کہ ہماری سرحدوں پر خطرہ منڈلا رہا ہے، ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔‘‘ مولانا مدنی نے کہا کہ ہم ہر سطح پر قوم میں اتحاد، صبر اور قربانی کے جذبہ کو فروغ دیں گے۔ ہم حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دے۔ ہم دشمنوں کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہندوستان ایک متحد قوم کی طرح ہر قیمت پر اپنے وطن کا دفاع کرے گا۔