سہارنپور، 7 مارچ (یو این آئی) دیوبند کے اسلامی اسکالر اور مصنف بدر کاظمی نے چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل میچ کے دوران میدان میں انرجی ڈرنک پینے پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز محمد شامی کی تنقید کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں کو محمد شامی پر فخر ہے۔ وہ چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اپنے شاندار کھیل سے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے دل جیت چکے ہیں۔آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر بریلی مسلک کے مولانا شہاب الدین رضوی نے محمد شامی پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی ہے کہ رمضان میں روزہ نہ رکھنا گناہ ہے اور محمد شامی شریعت کی نظر میں مجرم ہے۔
انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ رضوی نے کہا کہ شامی کو شریعت کے مطابق روزہ رکھنا چاہیے تھا۔مولانا رضوی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے دیوبند کے عالم دین اور مصنف بدر کاظمی نے کہا کہ کھیل کے دوران روزہ رکھنا اسلامی نقطہ نظر سے لازمی نہیں ہے۔ بریلی کے مولوی نے سستی مقبولیت حاصل کرنے کے لیے شامی پر غلط تنقید کی ہے۔ قرآن مجید میں آیا ہے کہ اگر کوئی شخص روزے رکھنے کی استطاعت رکھتا ہو اور بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر روزہ نہ رکھ سکے تو اس کے بدلے میں دو غریب لوگوں کو کھانا کھلا سکتا ہے اور بعد میں الگ سے بھی روزہ رکھ سکتا ہے۔دوسری جانب شامی کے بھائی محمد حسیب نے بھی محمد شامی پر تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسلمان ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی جیت کے لیے دعا کریں۔ کسی بھی شہری کے لیے حب الوطنی اور قومی مفاد سب سے اوپرہے۔