اینٹورپ، 08 جون (یواین آئی) ہندوستانی جونیئر ویمنز ہاکی ٹیم نے اتوار کو بیلجیم کے خلاف شاندار جیت کے ساتھ اپنے یورپی دورے کا آغاز کیا۔آج یہاں اینٹورپ میں ہاکی سینٹر آف ایکسلنس، ولرزکے پلین میں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی جونیئر ویمنز ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلجیم کو 2-3سے شکست دی۔میچ کے آغاز میں ہندوستان کی گیتا یادو نے (11ویں) منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا ئی۔ تاہم، دوسرے کوارٹر میں میزبان بیلجیم کی میری گوئنز نے (25ویں) منٹ میں گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے فوراً بعد بیلجیم نے لوئس وین ہیک کے (34ویں) منٹ میں کیے گئے گول کی بدولت 2-1 سے برتری حاصل کر لی۔ہندوستان کی سونم نے (40ویں) منٹ میں گول کر کے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد ہندوستان نے مسلسل حملے جاری رکھے اور بیلجیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ تھوڑی دیر بعد ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا اور لالتھنتلنگی نے (45ویں منٹ) میں گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا ئی۔ اس کے بعد ہندوستانی جونیئر ویمنز ہاکی ٹیم نے بیلجیم کو برابری کا موقع نہیں دیا اور فتح حاصل کی۔ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم اپنے یورپی دورے کے دوسرے میچ میں 10 جون کو بیلجیم سے مقابلہ کرے گی۔