نئی دہلی، 26 اگست (یواین آئی) ہندوستانی باکسنگ فیڈریشن (بی ایف آئی) نے عالمی باکسنگ چیمپئن شپ سے قبل ایک اعلیٰ شدت والے مشترکہ تربیتی کیمپ کے لیے 27 رکنی ہندوستانی باکسنگ دستے کو شیفیلڈ، برطانیہ بھیجا ہے۔ یہ قدم ہندوستانی باکسرز کو بین الاقوامی تجربہ دلانے اور ٹورنامنٹ سے پہلے ہی حالات کے مطابق ڈھلنے کے لیے بی ایف آئی کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
فی الحال شیفیلڈ میں موجود ٹیم میں 9 مرد اور 8 خواتین باکسر شامل ہیں، جن کی رہنمائی 8 کوچز اور 2 اسٹاف ممبران کر رہے ہیں۔ 28 اگست تک ان کے ساتھ ایک مرد اور دو خواتین باکسرز اور ایک معاون اسٹاف بھی شامل ہو جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم یو کے کے بڑے ہائی پرفارمنس اسپورٹس مراکز میں سے ایک، انگلش انسٹی ٹیوٹ آف اسپورٹ شیفیلڈ میں جاری بین الاقوامی تربیتی کیمپ کا حصہ ہے۔ یہ کیمپ باکسرز کو عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی مشق اور تربیت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔اس کے بعد ٹیم چیمپئن شپ کی تیاریوں کے آخری مرحلے کے لیے 2 ستمبر کو لیورپول روانہ ہوگی۔مردوں کی ٹیم کی رہنمائی کوچ دھرمندر یادو، تورک کھرپران، جئے سنگھ پاٹل اور ابھیشیک شاہ کر رہے ہیں، جبکہ خواتین کی ٹیم کوچ چندر لال، محمد اعصام الدین، گیتا چانو اور راڈیا دیوی کی نگرانی میں ہے۔ٹیم کو پہلے بھیج کر اور انہیں برطانیہ میں جاری اس کیمپ کا حصہ بنا کر، بی ایف آئی ہندوستانی باکسرز کے لیے عالمی سطح پر تیاری اور کارکردگی کے لیے موزوں ماحول فراہم کر رہا ہے۔









