منامہ، 31 اکتوبر (یو این آئی) – ہندوستانی ایتھلیٹس نے ایشیائی یوتھ گیمز 2025 میں اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ مہم کا اختتام کیا اور مجموعی طور پر 48 تمغے جیت کر ملک کا بہترین ریکارڈ قائم کیا۔جمعرات کو آخری مرحلے میں ہندوستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات طلائی سمیت 15 تمغے حاصل کیے۔ اس کے ساتھ ہندوستان نے کل 13 طلائی، 18 چاندی اور 17 کانسی کے تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 48 تمغے جیتے، جو اس مقابلے کی تاریخ میں ہندوستان کا بہترین مظاہرہ ہے۔2013 میں نانجنگ میں ہوئے پچھلے ایڈیشن میں ہندوستانی ایتھلیٹس نے اولمپک پرچم کے تحت شرکت کی تھی اور تین طلائی، چار چاندی اور سات کانسی سمیت کل 13 تمغے جیتے تھے۔ اس سے قبل 2009 میں سنگاپور میں منعقدہ ایشیائی یوتھ گیمز میں ہندوستان نے پانچ طلائی، تین چاندی اور تین کانسی سمیت 11 تمغے حاصل کیے تھے۔
ہندوستانی باکسرز نے جمعرات کو چھ تمغے جیتے، جن میں چار طلائی اور دو چاندی کے تمغے شامل ہیں۔ طلائی تمغوں کا سلسلہ صبح کے سیشن میں خوشی چند (لڑکیوں کا 46 کلوگرام) نے شروع کیا، جنہوں نے چین کی لوو جِن شیؤ کو 4-1 سے شکست دی۔آہانہ شرما (لڑکیوں کا 50 کلوگرام) نے اپنے فائنل میں جنوبی کوریا کی ما جونگ ہیانگ کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستانی باکسر نے پہلا راؤنڈ ریفری اسٹاپڈ کانٹسٹ (آر ایس سی) کی بنیاد پر جیتا۔ اس کے بعد چندرِکا پُجاری (لڑکیوں کا 54 کلوگرام) نے ازبکستان کی محمدووا کُمرینیسو کو 5-0 سے شکست دے کر ایک اور طلائی تمغہ ہندوستان کے نام کیا۔انشِکا نے (لڑکیوں کے 80 کلوگرام سے زائد زمرے میں) ہندوستان کے لیے چوتھا طلائی تمغہ جیتا، جب کہ ہرنُور کور (لڑکیوں کا 66 کلوگرام) نے سخت مقابلے کے بعد چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ لنچینبا سنگھ موئبُنگکھونگبم (لڑکوں کا 50 کلوگرام) نے شاندار کھیل پیش کیا لیکن قزاقستان کے نُرمَاخان جُوماگَلی سے شکست کھانے کے بعد انہیں چاندی پر اکتفا کرنا پڑا۔
ہندوستانی بیچ ریسلرز نے بھی متاثرکن کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے جمعرات کو تین طلائی اور دو چاندی کے تمغے جیتے۔ سنی سُبہاش پھُلمالی (لڑکوں کا 60 کلوگرام)، ارجن روہیل (لڑکوں کا 90 کلوگرام) اور انجلی (لڑکیوں کا 55 کلوگرام) نے اپنے اپنے ڈویژن میں طلائی تمغے جیتے، جب کہ رویندر (لڑکوں کا 80 کلوگرام) اور سُجیَے ناگناتھ تانپُورے (لڑکوں کا 70 کلوگرام) نے چاندی کے تمغے حاصل کیے۔
جوڈو میں، مونیکا خُیَنتھَیم نے لڑکیوں کے 63- کلوگرام زمرے میں چاندی اور ہرشِت نے لڑکوں کے 73- کلوگرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
تیراک تیرتھَنکر پیگو نے لڑکوں کی 200 میٹر بٹر فلائی میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جب کہ ویٹ لفٹر پَرو چودھری نے لڑکوں کی 94 کلوگرام کلین اینڈ جرک کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔