وِنِی پَیگ (کینیڈا)، 23 اگست (یواین آئی) — ہندوستانی تیر اندازی کی ٹیموں نے ورلڈ آرچری یوتھ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے انڈر-18 اور انڈر-21 ٹیم ایونٹس میں سونے کے تمغے جیتے۔انڈر-21 کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں کوشل دلال، اپار مِہیر نِتِن اور گنیش منی رتنم تھرو مورُو کی تکڑی نے جرمنی کو فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔ چار سیٹوں کے اختتام پر اسکور 233-233 برابر رہا، جس کے بعد شوٹ آف میں ہندوستان نے بازی مار لی۔ اس سے پہلے ہندوستان نے کوارٹر فائنل میں اسرائیل کو 235-233 اور سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو 233-228 سے ہرایا تھا۔انڈر-18 فائنل میں موہت ڈاگر، یوگیش جوشی اور دیوانش سنگھ کی ٹیم نے امریکہ کے خلاف ہاف ٹائم تک 9 پوائنٹس کی برتری بنا لی اور مقابلہ 224-222 سے جیت لیا۔ کوالیفیکیشن میں سب سے اوپر رہنے کی وجہ سے یہ ٹیم براہِ راست فائنل میں پہنچی تھی۔ دوسری جانب، ہندوستانی انڈر-18 خواتین کمپاؤنڈ ٹیم کانسی کے مقابلے میں میکسیکو سے 221-210 سے ہار گئی، جبکہ انڈر-21 خواتین ٹیم کوارٹر فائنل میں باہر ہو گئی۔آئندہ دو دنوں میں ہندوستان انفرادی ایونٹس میں حصہ لے گا۔
انڈر-18 مردوں کے کمپاؤنڈ سیمی فائنل میں یوگیش جوشی کا مقابلہ نیوزی لینڈ کے ہیکٹر میکنیلی سے ہوگا۔خواتین انڈر-18 کمپاؤنڈ سیمی فائنل میں پرتھیکا پردیپ اور سوریا ہمسنی مدالا آمنے سامنے ہوں گی۔خواتین انڈر-21 کمپاؤنڈ ایونٹ میں چکیتھا تنی پارتھی کا مقابلہ میکسیکو کی پاؤلا ڈایاز موریلاس سے ہوگا۔انڈر-18 خواتین ریکرو سیمی فائنل میں شاروری شندے کا مقابلہ جنوبی کوریا کی کم مِن جیونگ سے ہوگا۔









