نئی دہلی/احمد آباد، 27 اگست (یو این آئی) ہندوستان نے کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 کے دوسرے دن تین چاندی کے تمغے جیتے ہیں۔ بندیارانی دیوی، متھوپنڈی راجہ اور اسنیہا سورین رنر اپ رہیں جبکہ 17 سالہ کوئل بار نے یوتھ ورلڈ ریکارڈ بنا کرمتاثر کیا ہے۔ اولمپکس ڈاٹ کام کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ہندوستان کی بندیارانی دیوی، متھوپانڈی راجہ اور اسنیہا سورین نے احمدآباد میں منعقدہ کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں چاندی کے تمغے حاصل کئے، جبکہ 17 سالہ کوئل بار نے نوجوانوں کا عالمی ریکارڈ بنا کر سب کو متاثر کیا۔بندیارانی دیوی نے خواتین کے 58 کلوگرام زمرے میں کل 206 کلو وزن اٹھا کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ بیان میں کہا گیا، انہوں نے اسنیچ میں 85 کلو، 88 کلو اور 91 کلو وزن اٹھایا اور کلین اینڈ جرک میں 110 اور 115 کلو وزن اٹھایا، لیکن 122 کلو کا آخری موقع ضائع کردیا۔ آسٹریلیا کی کیانا ایلیٹ نے 212 کلو (100 کلو، 112 کلو) کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔
بندیارانی دیوی نے برمنگھم 2022 کامن ویلتھ گیمز میں 55 کلوگرام کے زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ وہ سابق کامن ویلتھ چیمپئن ہیں، جنہوں نے 2019 میں گولڈ اور 2021 میں سلور میڈل جیتا تھا۔ مردوں کے 65 کلوگرام زمرے میں، متھوپانڈی راجہ 296 کلو (128 کلو، 168 کلو) کے ساتھ گولڈ میڈل کے قریب پہنچے لیکن وہ ملیشیا کے محمد اجنیل بن بیدین سے معمولی فرق سے پیچھے رہ گئے، جنہوں نے 297 کلو (125 کلو، 172 کلو) وزن اٹھایا۔ پاپوا نیو گنی کے موریا بارو نے 292 کلو (127 کلو، 165 کلو) کے ساتھ کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔تاہم، 17 سالہ کوئل بار سب کی توجہ کا مرکز رہی۔ خواتین کے 53 کلوگرام یوتھ کیٹیگری میں، انہوں نے 192 کلو (85 کلو، 107 کلو) وزن اٹھا کر متاثر کیا اور کل وزن اور کلین اینڈ جرک دونوں میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سینئر خواتین کے 53 کلوگرام زمرے میں نائجیریا کی اومولولا اونومے دیدیہ نے 197 کلو (90 کلو، 107 کلو) وزن اٹھا کر گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ ہندوستان کی اسنیہا سورین نے 185 کلو (81 کلو، 104 کلو) وزن اٹھا کر سلور میڈل جیتا۔
چیمپئن شپ کے 30 ویں ایڈیشن میں 31 ممالک کے 300 سے زائد ویٹ لفٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ آخر میں کہا گیا کہ صرف ہر سینئر زمرے کے فاتح ہی گلاسگو 2026 کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گے۔