دبئی، 9 ستمبر (یو این آئی) جب ہندوستان کل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں میدان میں اترے گا تو یہ محض ایک مہم کا آغاز نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہوگا۔یہ ہندوستانی کرکٹ میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔ وراٹ کوہلی، روہت شرما اور رویندرا جڈیجہ کے 2024 میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ریٹائر ہونے کے بعد پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہوگا۔ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے تک اس جوڑی نے ہندوستان کے محدود اووروں کے کرکٹ میں غلبے برقرار رکھا۔کوہلی کی کامیابیوں کی جستجو، روہت کے شاندار چھکے اور جڈیجہ کی آل راؤنڈ صلاحیت نے ہندوستانی ٹی20 کرکٹ ٹیم کو مضبوط کیا۔
ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ان کا ایک ساتھ رخصت ہونا المناک تھا۔ اب نوجوان کرکٹرز کی نئی نسل ہندوستانی کو بلندیوں پر قائم رکھنے کی ذمہ داری اٹھا رہی ہے۔ سوریہ کمار یادو، جو اب کپتان ہیں، ہندوستان کے نئے نظریے۔ بے خوف بیٹنگ کی علامت ہیں۔
وہ ایک ایسی ٹیم کی قیادت کریں گے، جس میں دھماکہ خیز صلاحیت اور ابھرتی ہوئی مستقل مزاجی کا امتزاج ہوگا۔نائب کپتان شبھمن گل ایک سال سے زیادہ عرصے بعد ٹی20 میں واپسی کر رہے ہیں اور اوپننگ میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔دوسری جانب ابھیشیک شرما ہوں گے، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف 54 گیندوں پر 135 رنز کی طوفانی اننگ کھیل کر نہ صرف ریکارڈ توڑے، بلکہ خود کو ہندوستان کا اگلا ’بگ ہٹنگ‘ اسٹار بھی ثابت کیا۔
ایشیاکپ کادبئی میں آغاز
دبئی:09؍ستمبر:ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی میچ میں آج افغانستان اورہانگ کانگ کے درمیان میچ کھیلاجارہاہے۔ افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 6وکٹ پر 188رن بنائے۔ اورہانگ کانگ کو جیت کے لئے 189رن کاہدف دیا۔خبرلکھے جانے تک ہانگ کانگ نے 6 اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر25 رن بنالئے تھے۔