بنگلورو، 16 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی ٹیم افغانستان کے خلاف بدھ کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں کلین سویپ کے ارادے سے اترے گی۔ ہندوستانی ٹیم کل چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کو جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرنا چاہے گی۔ مانا جا رہا ہے کہ کلدیپ کو روی بشنوئی یا واشنگٹن سندر کی جگہ اور مکیش کمار کی جگہ اویش کو دی جا سکتی ہے۔ سنجو سیمسن اور تلک ورما کو چناسوامی اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔ کپتان روہت کا بلا سیریز میں اب تک خاموش رہا ہے۔ پہلے میچ میں وہ شبمن گل کے ساتھ غلط فہمی کے باعث رن آؤٹ ہوگئے جب کہ دوسرے میچ میں فضل الحق فاروقی کی گیند کا اندازہ نہ کرسکے اور بولڈ ہو گئے۔ دو میچوں میں صرف دو رنز بنانے والے روہت سے آخری میچ میں فارم میں واپس آکربڑی اننگ کھیلنے کی توقع کی جارہی ہے۔ہندوستانی بلے باز شاندار فارم میں ہیں اور توقع ہے کہ وہ کل کے میچ میں اپنی بہتر کارکردگی کو دہرائیں گے۔ سیریز میں ہندوستانی ٹیم بیٹنگ میں پہلی گیند سے ہی جارحانہ نظر آئی۔ شیوم دوبے اور وراٹ کوہلی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔افغانستان نے بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے اوپنر رحمان اللہ گرباز سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے جو گزشتہ دو میچوں میں ناکام رہے ہیں۔
افغانستان کی باؤلنگ سائیڈ کمزور رہی ہے۔ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، تلک ورما، رنکو سنگھ، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر، اکشر پٹیل، روی بشنوئی، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، اویش خان اور مکیش کمار۔افغانستان: ابراہیم زدران (کپتان)، رحمان اللہ گرباز (وکٹ کیپر)، اکرام علی خیل (وکٹ کیپر)، حضرت اللہ زازئی، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، شرف الدین اشرف، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، فرید احمد، نوین الحق، نور احمد، محمد سلیم، قیس احمد، گلبدین نائب اور راشد خان۔