کوالالمپور، 27 مارچ (یو این آئی) ہندوستانی سینئر خواتین ٹیم کو اے ایف سی ویمنز ایشین کپ آسٹریلیا 2026 کوالیفائر گروپ بی میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ تھائی لینڈ، منگولیا، تیمور لیسٹے اور عراق سے ہوگا۔ملائیشیا کے اے ایف سی ہاؤس میں جمعرات کو ہونے والے ڈرا کے مطابق ہندوستان کو 23 جون سے 05 جولائی تک تھائی لینڈ میں ہونے والے کوالیفائر میچ میں گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ میچ 23 جون سے 5 جولائی کے درمیان سنٹرلائزڈ سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ ہر گروپ کی جیتنے والی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ جو یکم سے 26 مارچ 2026 تک آسٹریلیا کے تین شہروں میں کھیلا جائے گا۔6 مارچ 2025 کو شائع ہونے والی فیفا خواتین کی عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر ٹیموں کو پانچ ڈویژنوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔براعظم کے سرفہرست مقابلے کے 21 ویں سیزن کے لیے آٹھ جگہیں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، جن میں 34 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ دفاعی چیمپئن چین، رنر اپ جنوبی کوریا اور تیسرے نمبر پر آنے والے جاپان کو ٹورنامنٹ میں براہ راست داخلہ ملا ہے۔اے ایف سی ویمنز ایشین کپ آسٹریلیا 2026 کی ٹاپ چھ ٹیمیں فیفا ویمنز ورلڈ کپ برازیل 2027 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔