لندن، 18 جولائی (یواین آئی) انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ سے پہلے طویل وقفے کے بعد ہندوستان کو اولڈ ٹریفرڈ میں ہونے والے میچ کے لیے اپنی حتمی پلیئنگ الیون کے حوالے سے اہم فیصلے کرنے ہیں۔ لارڈز میں ایک سخت مقابلے میں شکست کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے پیچھے چل رہی مہمان ٹیم کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کی انگلی میں چوٹ لگنے سے ایک بڑا دھچکہ لگا ہے۔ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوسچیٹ کو امید ہے کہ 27 سالہ پنت صحت یاب ہو کر چوتھے ٹیسٹ میں کھیلیں گے۔کوچ ریان نے جمعرات کو صحافیوں سے کہا، ’’وہ (پنت) ٹیسٹ سے پہلے مانچسٹر میں بیٹنگ کریں گے۔ مجھے نہیں لگتا کہ آپ رشبھ کو کسی بھی صورت ٹیسٹ سے باہر رکھ سکتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا، ’’تیسرے ٹیسٹ میں پنت نے خاصے درد کے ساتھ بلے بازی کی ۔ وکٹ کیپنگ یقیناً اس بحالی کے عمل کا آخری مرحلہ ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ وکٹ کیپنگ کر سکیں۔ ہم دوبارہ اس صورتحال کا سامنا نہیں کرنا چاہتے کہ ہمیں اننگز کے دوران ہی وکٹ کیپر کو بدلنا پڑے۔‘‘لارڈز میں انگلینڈ کی پہلی اننگز کے دوران چوٹ لگنے کے بعد پنت نے دونوں اننگز میں بلے بازی کی لیکن وکٹ کیپنگ نہیں کر سکے۔ ان کی جگہ دھروو جوریل کو وکٹ کیپنگ کے لیے میدان میں اتارا گیا۔
کوچ نے کہا، ’’جوریل کا نام بھی زیر غور ہے، لیکن میرا مطلب ہے کہ اگر رشبھ فٹ ہوتے ہیں تو وہ اگلا ٹیسٹ کھیلیں گے اور دونوں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔‘‘ٹیم میں انتخاب کے حوالے سے ایک اور اہم فیصلہ نمبر 1 ٹیسٹ گیندباز جسپریت بمراہ کا ہے۔ ہندوستان نے بمراہ کو ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت ایجبسٹن میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے آرام دیا تھا اور آئی سی سی رپورٹ کے مطابق مانچسٹر ٹیسٹ کے لیے اس تیزگیندباز کی دستیابی واضح نہیں ہے۔ ریان نے کہا، ’’نہیں، ہم بمراہ کے بارے میں مانچسٹر میں ہی فیصلہ کریں گے۔‘‘
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹیسٹ میچ 23 جولائی سے اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں شروع ہوگا۔