اسلام آباد، 9 فروری (یو این آئی ) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ ‘جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، جس میں وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد کے ساتھ ہونے والی حالیہ گفتگو اور طے پانے والے ممکنہ فارمولے سے متعلق انہیں آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ہندوستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ بنگلہ دیش کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اپنی ٹیم ہندوساتن بھیجنے سے انکار کے بعد ٹورنامنٹ سے الگ کر دیا گیا تھا۔گزشتہ روز پی سی بی، آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے حکام کے درمیان پانچ گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا۔ اس اہم ملاقات میں محسن نقوی، بی سی بی کے صدر امین الاسلام بلبل اور آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ شریک تھے۔
رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیا ہے اور بی سی بی کی شکایات دور کرنے کے لیے ایک فارمولا تیار کر لیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے ڈپٹی چیف عمران خواجہ اس تجویز کی حتمی منظوری کے لیے کونسل کے ہیڈ کوارٹر روانہ ہو گئے ہیں، جبکہ امین الاسلام ڈھاکہ میں حکام کو بریفنگ دینے کے لیے واپس چلے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ فارمولا فائنل ہونے کے بعد دونوں فریقین آج دوبارہ ملاقات کریں گے تاکہ مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔