نئی دہلی،14 جنوری (یو این آئی ) اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے انڈیا اوپن کے پہلے مرحلے میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جب دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو ویتنام کی تھوئی لن نگوین سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔سندھو، جنہوں نے ٹورنامنٹ سے قبل اپنی بہترین فارم کی واپسی کا وعدہ کیا تھا، ایک گھنٹہ 8 منٹ تک جاری رہنے والے اعصاب شکن مقابلے میں شکست کھا گئیں۔اسکور 22-20، 12-21، 15-21 (ویتنامی کھلاڑی کے حق میں رہا)۔ پہلا گیم جیتنے کے باوجود سندھو اگلے دو گیمز میں اپنی حریف کی رفتار اور تکنیک کا مقابلہ نہ کر سکیں۔جہاں سندھو کو ناکامی ہوئی، وہیں مردوں کے سنگلز میں تجربہ کار کھلاڑیوں نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی، 33 سالہ پرنئے نے ہانگ کانگ کے لی چیؤک ییو کو 22-20، 21-18 سے شکست دی۔ پرنئے نے اپنی فٹنس اور تیز رفتار اسمیشز کے ذریعے میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔ اب ان کا مقابلہ سنگاپور کے لوہ کین یو سے ہوگا۔ 32 سالہ سابق عالمی نمبر ون کدامبی سری کانت نے ہم وطن کھلاڑی ترون ایم کے خلاف پہلا گیم ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کیا اور 15-21، 21-6، 21-19 سے فتح حاصل کی۔ اب ان کا مقابلہ فرانس کے کرسٹو پوپوف سے ہوگا۔16 سالہ تنوی شرما نے دنیا کی دوسری نمبر کی کھلاڑی چین کی وانگ ژی ای کے خلاف شاندار کھیل پیش کر کے سب کو حیران کر دیا۔اگرچہ وہ 20-22، 21-18، 21-13 سے میچ ہار گئیں، لیکن انہوں نے چینی اسٹار کو ایک گھنٹہ 9 منٹ تک سخت مقابلے پر مجبور رکھا۔







