لندن، 26 جون (یواین آئی) ہندوستان کی مخلوط معذور ٹیم نے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے مخلوط معذور وٹیلٹی ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو آخری اوور میں دو وکٹوں سے ہرا کر سنسنی خیز فتح حاصل کی۔یہ موقع اس لیے بھی تاریخی تھا کیونکہ پہلی بار کوئی ہندوستانی معذور ٹیم اس میدان پر کھیل رہی تھی۔ تاریخ، میدان اور نتیجہ، تینوں نے 1983 کی یادیں تازہ کر دیں، جب کپل دیو کی کپتانی میں ہندوستان نے 25 جون کو لارڈز میں ہی ورلڈ کپ جیتا تھا۔فتح کے بعد ہندوستانی معذور کرکٹ کونسل (ڈی سی سی آئی) کے سیکرٹری جنرل روی چوہان نے کہا کہ “ہم اپنی ٹیم کی اس تاریخی فتح کو کپل دیو سر کی 1983 کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے نام کرتے ہیں۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے ہندوستان کے سابق بائیں ہاتھ کے اسپنر دلیپ دوشی کے پیر کو لندن میں انتقال پر تعزیت کے لیے سیاہ پٹیاں باندھی تھیں۔ اس کے علاوہ اس دن یہاں 25 جون کو عالمی مخلوط یوم معذوری کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ لارڈز میں یہ میچ کرکٹ ڈس ایبلیٹی ڈے کا حصہ تھا۔
صحیح وقت پر شروع ہونے والے اس میچ کے دوران تیز گیند باز وویک کمار (3 اوورز میں 16 رن دے کر 3 وکٹیں) اور کپتان و بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر شانتے (4 اوورز میں 8 رن دے کر 3 وکٹیں) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنوں پر روک دیا۔ انگلینڈ کے لیے ای براؤن نے 47 گیندوں میں 77 رن (5 چوکے، 5 چھکے) کی شاندار اننگز کھیلی۔ براؤن نے آخری وکٹ کے لیے ای پائل (4 ناٹ آوٹ) کے ساتھ 17 گیندوں میں 35 رن جوڑ کر اسکور کو 100 سے پار پہنچایا۔ انہوں نے آخری اوور میں ترون کی گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 18 رن بنائے۔اس کے جواب میں ہندوستان نے آٹھ وکٹیں گنوا کر آخری اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ ہندوستان کے لیے مڈل آرڈر بلے باز سائی آکاش نے 44 رن کی اہم اننگز کھیلی اور جیت کے ہیرو بنے۔ سیریز کے چار اور میچ باقی ہیں، اگلا میچ جمعہ (27 جون) کو ووسٹر میں کھیلا جائے گا۔