نئی دہلی، 02 ستمبر (یواین آئی) گزشتہ مہینے ڈریم 11 نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ اب ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ بغیر کسی بڑے اسپانسر کے کھیل سکتی ہے۔اس واقعے کے بعد بی سی سی آئی نے 2 ستمبر کو نئے اسپانسر کی تلاش شروع کر دی ہے۔ جو کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں ان کے لیے ’ایکسپریشن آف انٹرسٹ‘ خریدنے کی آخری تاریخ 12 ستمبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 ستمبر ہے۔ ایشیا کپ 9 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے اور اس کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
حکومت ہند نے حال ہی میں ایک بل پاس کیا ہے جس میں ریئل منی گیمنگ پر پابندی لگا دی گئی ہے، اور یہی ڈریم 11 کا بنیادی کاروبار تھا۔ اس پیشرفت کے بعد ڈریم 11 نے بی سی سی آئی کو آگاہ کیا کہ اسے معاہدے سے الگ ہونا ہوگا۔ اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ اس بل کے قوانین کے تحت موجود ’ایگزیٹ کلاز‘ بھی تھا۔ بی سی سی آئی کے ساتھ ڈریم 11 کا معاہدہ 2026 تک تھا جس کی مالیت تقریباً 358 کروڑ روپے تھی۔اس سے پہلے بھی بی سی سی آئی کو 2019 میں ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب موبائل کمپنی اوپو نے تین سال پہلے ہی معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ اس وقت ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمپنی بائجو ہندوستانی ٹیم کے اسپانسر کے طور پر سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد 2023 میں ڈریم 11 نے ٹیم کے ساتھ معاہدہ کیا۔بی سی سی آئی نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی شراب کے برانڈ، سٹہ یا جوا فراہم کرنے والی کمپنی، کرپٹو کرنسی، آن لائن منی گیمنگ، تمباکو برانڈ یا ایسے کسی بھی پروڈکٹ/سروس کی بولی قبول نہیں کرے گا جو ’عوامی اخلاقیات کو ٹھیس‘ پہنچاتی ہو۔چار ستمبر کو ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔ گروپ اے میں ہندوستانکے میچز عمان، پاکستان اور یو اے ای کے خلاف ہوں گے۔ ہندوستان 10 اور 14 ستمبر کو دبئی میں یو اے ای اور پاکستان سے کھیلے گا، جبکہ 19 ستمبر کو ابو ظہبی میں عمان کے خلاف میدان میں اترے گا۔