برسبین، 13 اگست (یو این آئی) رادھا یادو (تین وکٹ)، تتاس سادھو اور منّو منی (دو، دو وکٹ) کے بعد یستیکا بھاٹیا (59) اور شیفالی ورما (36) کی شاندار کارکردگی کی بدولت انڈیا اے خواتین کی ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا اے کو 48 گیندیں باقی رہتے تین وکٹ سے ہرا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انڈیا اے نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
215 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یستیکا بھاٹیا اور شیفالی ورما کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے 77 رنز جوڑے۔ 11ویں اوور میں سیانا جنجر نے شیفالی ورما (36) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا اے کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد دھارا گرجر بیٹنگ کے لیے آئیں اور یستیکا بھاٹیا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت کی۔ دھارا 31 گیندوں پر 36، تیجل حسبنس آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ یستیکا بھاٹیا نے 70 گیندوں پر سات چوکے لگا کر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔تنوشری سرکار (تین)، رادھا یادو (19) اور منّو منی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ انڈیا اے نے 42 اوور میں سات وکٹ پر 215 رنز بنا کر میچ تین وکٹ سے جیت لیا۔ راگھوی بشٹ نے 34 گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 25 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے لوسی ہیملٹن اور ایلا ہیورڈ نے دو، دو وکٹ لیے، جبکہ کم گارتھ، سیانا جنجراور ٹیس فلنٹوف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ایان ہیلی اوول گراؤنڈ پر منگل کی رات کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا اے خواتین کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہ رہی اور ابتدائی تین وکٹ محض 50 رنز پر گر گئے۔ تالیا ولسن (سات)، ایلسا ہیلی (14) اور کپتان تالیا میک گرا نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد انیکا لیروئڈ نے ریچل ٹرینامین کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 63 رنز جوڑے۔
24ویں اوور میں ریچل ٹرینامین (51) رن آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد نکول فالٹم نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن وہ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے آسٹریلیا اے کے باقی بلے باز زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 47.5 اوور میں 214 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
انیکا لیروئڈ ایک سرے پر ڈٹی رہیں اور 90 گیندوں پر آٹھ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 92 رنز بنائے۔انڈیا اے کی طرف سے رادھا یادو نے تین وکٹ لیے، تتاس سادھو اور منّو منی نے دو، دو وکٹ حاصل کیے جبکہ تنوشری سرکار اور شبنم ایم ڈی نے ایک، ایک وکٹ لیا۔