نئی دہلی 28مئی:28 مئی کو کابینہ کی میٹنگ میں خریف فصلوں کے لیے ایم ایس پی میں اضافہ کی تجویز کو منظوری دے دی گئی۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے پریس بریفنگ کے دوران جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کی میٹنگ میں کچھ اہم فیصلوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ان میں کسانوں کے متعلق 3 اہم فیصلے لیے گئے۔ مرکزی وزیر نے مطلع کیا کہ وزیر اعظم مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے مارکیٹنگ سیشن 26-2025 کے لیے 14 خریف فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) میں اضافے کو منظوری دے دی ہے۔ اشونی ویشنو کے مطابق حکومت نے مارکیٹنگ سیشن 26-2025 کے لیے خریف فصلوں کے ایم ایس پی میں اضافہ کیا ہے، تاکہ کسانوں کو ان کی پیداوار کے لیے منافع بخش قیمت کو یقینی بنایا جا سکے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ میں ایم ایس پی میں سب سے زیادہ اضافہ نائجر سیڈ (820 روپے فی کوئنٹل) کے لیے کی گئی ہے، اس کے بعد راگی (596 روپے فی کوئنٹل)، کپاس (589 روپے فی کوئنٹل) اور تِل (579 روپے فی کوئنٹل) کے لیے ایم ایس پی میں اضافہ کیا گیا ہے۔