فلوریڈا، 28 مارچ (یو این آئی) عالمی نمبر دو ٹینس کھلاڑی جینک سنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکزینڈر زیوریو کو مسلسل ساتویں بار شکست دے کر چوتھی مرتبہ میامی اوپن کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔اطالوی کھلاڑی سنر نے یہ مقابلہ 6-3، 7-6 (7-4) سے جیتا، اور اب اتوار کو ان کا مقابلہ چیک جمہوریہ کے جیری لیہکا سے ہوگا۔سنر گزشتہ تین برسوں میں اپنا دوسرا میامی اوپن ٹائٹل جیتنے کے قریب ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ اس ماہ انڈیا ویلز ماسٹرس میں کامیابی کے بعد ‘سن شائن ڈبل’ مکمل کرنے سے صرف ایک جیت دور ہیں-یہ کارنامہ آخری بار 2017 میں راجر فیڈرر نے انجام دیا تھا۔چار بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن اور موجودہ ومبلڈن فاتح سنر نے ماسٹرز 1000 ٹورنامنٹس میں اپنی مسلسل 16ویں جیت درج کی، جبکہ مسلسل جیتے گئے سیٹس کا ریکارڈ 32 تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک شاندار مرحلہ ہے اور فائنل تک پہنچنا ان کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔دوسری جانب، 21ویں سیڈ جیری لیہکا نے فرانس کےآرتھر فلس کو 6-2، 6-2 سے شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا ماسٹرز 1000 فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے فائنل میں پہنچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔









