اسٹوانگر، (ناروے) 06 جون (یواین آئی) ناروے شطرنج 2025 کے نویں راؤنڈ کے مقابلے میں عالمی چیمپئن گوکیش ڈی نے چین کے ویئی یی کو ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ناروے شطرنج 2025 کے نویں راؤنڈ میں ہندوستان کے گوکیش ڈی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کے نمبر ایک ویئی یی کو شکست دی اور ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ میں داخل ہو گئے۔ گوکیش نے ویئی یی کی ایک اہم ابتدائی غلطی کا فائدہ اٹھا کر برتری حاصل کی۔ تیز اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گوکیش ڈی نے مقابلہ جیت کر مکمل پوائنٹس حاصل کیے۔ گوکیش 14.5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ کارلسن ان سے نصف پوائنٹ آگے ہیں۔دوسری جانب ایک اور میچ میں دنیا کے نمبر ایک میگنس کارلسن اور امریکہ کے فیبیانو کاروانا کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ کارلسن ہار جائیں گے، لیکن انہوں نے واپسی کرتے ہوئے کاروانا کو ہرا کر مکمل پوائنٹس حاصل کیے۔ہیکارو ناکامورا اور ارجن ایریگیسی کے درمیان کھیل برابر رہا۔ ہیکارو ناکامورا نے آرمگیڈن گیم میں فتح حاصل کی اور اہم اضافی پوائنٹس حاصل کیے۔آخری راؤنڈ میں گوکیش کا مقابلہ کاروانا سے ہوگا، جبکہ کارلسن کا مقابلہ ہندوستان کے ایک اور کھلاڑی ارجن ایریگیسی سے ہوگا۔