لکھنؤ، 27 مئی (یو این آئی)آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں لکھنؤ کے ذریعہ دئے گئے 228رن کے ہدف کاتعاقب کرتے ہوئے بینگلورو نے خبرلکھے جانے تک 11اوور میں چار وکٹ پر123رن بنالئے تھے اوراسے باقی بچے نواوور میں میچ جیتنے کے لئے 105رن درکارتھے۔بینگلورو کی طرف سے وراٹ کوہلی 54رن بناکرآؤٹ ہوئے ، جبکہ مینک اگروال21 اورجیتیش شرما5 رن بناکربلے بازی کررہے تھے۔ قبل ازیں
رشبھ پنت (118 ناٹ آؤٹ) کی شاندار سنچری اور مچل مارش (67) کے ساتھ 152 رن کی شراکت کی مدد سے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے انڈین پریمی لیگ (آئی پی ایل ) 2025 کے منگل کو اپنے آخری میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے خلاف تین وکٹ پر 227 رن بنائے۔
انگلینڈ کے دورے سے قبل پنت کی فارم میں واپسی نے ہندوستانی کیمپ میں خوشگوار احساس پیدا کیا ہے۔ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں سب سے مہنگے کھلاڑی رشبھ کا بلا ایک میچ کو چھوڑ کر پورے ٹورنامنٹ میں خاموشی رہا، لیکن میتھیو بریٹزکے (14) کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آنے والے پنت نے آج جارحانہ انداز اپنایا۔ جیسے ہی وہ میدان میں آئے انہوں نے میدان کے چاروں طرف شاندار چوکوں اور چھکوں کی بارش شروع کردی اور کچھ ہی دیر میں انہوں نے 29 گیندوں میں سویاش شرما کو باؤنڈری لائن کے پار چھکا لگا کر موجودہ آئی پی ایل سیزن میں اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کی۔ نصف سنچری بنانے کے بعد بھی پنت کی رن کی بھوک کم نہیں ہوئی اور انہوں نے 54 گیندوں میں 10 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے اپنے آئی پی ایل کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کی۔ اتراکھنڈ کے ہردوار کے رہنے والے پنت نے اپنی سنچری مکمل کرنے پر زمین پر گلاٹی مار کر خوشی کا اظہار کیا جب کہ کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ پنت نے 61 گیندوں کی اپنی ناٹ آوٹ اننگز میں 11 چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔ یہ اٹل بہاری ایکنا اسٹیڈیم میں ایل ایس جی کا اب تک کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اس سے قبل ان کا سب سے زیادہ اسکور 205 رن تھا۔ تاہم اسی گراؤنڈ پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 235 رن کا ہدف دینے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پنت نے اپنے آسٹریلیائی ساتھی مارش کے ساتھ شاندار شراکت داری کی۔ مارش نے اپنی نصف سنچری اننگز میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ انہیں بھونیشور کمار نے وکٹ کے پیچھے آؤٹ کیا۔ پورن (13) نے آج اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔ انہیں نووان تھشارا نے پویلین بھیجا۔