نئی دہلی 5اگست: لوک سبھا نے منگل (5 جولائی) کو گوا اسمبلی میں درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کو ریزرویشن دینے والا بل پاس کر دیا۔ اس دوران اپوزیشن نے بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) میں ترمیم کے مطالبہ پر احتجاج جاری رکھا۔ وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے ریاست گوا کے اسمبلی حلقوں میں درج فہرست قبائل کی نمائندگی کا ’ری ایڈجسٹمنٹ بل 2025‘ بحث اور منظوری کے لیے پیش کیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران یہ بل صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ ریزرویشن کے حوالے سے بل میں بتایا گیا ہے کہ گوا میں درج فہرست قبائل کی آبادی 2011 کی مردم شماری کے مطابق کافی اضافہ ہوا ہے۔ 2011 میں گوا کی کل آبادی 1558545 تھی، جس میں ایس سی کی آبادی 25449 اور ایس ٹی کی آبادی 149275 تھی۔ اس کے باوجود 40 رکنی گوا قانون ساز اسمبلی میں درج فہرست قبائل کے لیے کوئی بھی سیٹ ریزرو نہیں ہے، جب کہ ایس سی کے لیے ایک سیٹ ریزرو ہے۔ بل کا واحد مقصد اس عدم مساوات کو ختم کرنا ہے، تاکہ درج فہرست قبائل کو بھی آئین میں دیے گئے ریزرویشن کا فائدہ مل سکے۔ یہ بل گزشتہ سال یعنی 6 اگست 2024 کو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تھا اس کے ایک سال بعد آج اسے پاس کیا گیا۔ یہ پارلیمنٹ کے موجودہ مانسون اجلاس میں لوک سبھا کے ذریعہ پاس کیا گیا پہلا بل ہے۔ بل پاس ہونے کے بعد ایوان کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔