ستاوانگیر(ناروے)، 27 مئی (یواین آئی) ناروے شطرنج کے پہلے راؤنڈ میں ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش کو میگنس کارلسن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہیں، خواتین کے زمرے میں ہندوستان کی ہمپی کونیرو نے ویشالی رمیش بابو کو شکست دے کردن کا آغاز کیا۔ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی میگنس کارلسن نے سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ناروے شطرنج کے پہلے راؤنڈ میں موجودہ عالمی چیمپئن ڈی گوکیش کو ہرایا اور چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے میچ میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل تین پوائنٹس حاصل کیے۔ یہ مقابلہ 55 چالوں کے بعد ختم ہوا، جس میں کارلسن نے ہندوستانی کھلاڑی کی ایک غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ اپنے حق میں کر لیا۔خواتین کے زمرے میں ہندوستان کی ہمپی کونیرو نے ویشالی رمیش بابو کے خلاف فیصلہ کن فتح حاصل کی۔