بھوپال، 6 مئی (یو این آئی) مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں لگاتار نئے انکشافات سے سنسنی بنے نجی اعلیٰ تعلیمی ادارے سے متعلق مبینہ ’لو جہاد‘ کے معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ نے تعلیمی ادارے کے قریب واقع ہائی پروفائل ریسٹورنٹ ’کلب 90‘ کے تجاوز شدہ حصے کو منہدم کر دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق کلب 90 کا زیادہ تر حصہ تجاوزات کرکے بنایا گیا تھا اور اسے گزشتہ دیر شام انتظامی ٹیم نے بلڈوزر کی مدد سے مسمار کر دیا تھا۔یہ ریسٹورنٹ متعلقہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے کے قریب واقع ہے اور مبینہ لو جہاد کے ملزم اسے لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسانے اور دیگر غلط کاموں کے لیے استعمال کرتے تھے۔اس سے قبل قومی خواتین کمیشن کی ٹیم نے کل شام کلب 90 کا معائنہ بھی کیا تھا۔ یہ ٹیم ایک مبینہ لو جہاد کیس کی تحقیقات کے لیے بھوپال میں ہے۔ انہوں نے متعلقہ تعلیمی ادارے کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ لوگوں سے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔