نئی دہلی11جون: وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں 11 جون کو کابینہ کی میٹنگ ہوئی، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے وزراء سے 11 سالہ دور حکومت کی کامیابی پر بات کی۔ ساتھ ہی انھوں نے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے پاس جائیں تو حکومت کی گزشتہ 11 سالوں کی کامیابیوں کا تذکرہ کریں۔ تمام وزراء سے صرف اپنی اپنی وزارتوں سے جڑی باتوں پر توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ یہ جانکاری ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی ایم مودی نے وزرا سے کہا ہے کہ وہ اپنی وزارت کے علاوہ دیگر مسائل پر بات کرنے سے گریز کریں اور بے وجہ کی بیان بازی سے بھی بچیں۔ وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پریس کانفرنس کے ذریعہ وزارت کے کام کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں کابینہ کی میٹنگ سے قبل حکومت کے سینئر وزراء نے ملک کے مختلف شہروں میں پریس کانفرنس کے ذریعہ بی جے پی حکومت کی 11 سالوں کی کامیابی کے بارے میں بتایا تھا۔ وزراء سے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں بھی مختلف شہروں میں جا کر وہ پریس کانفرنس کریں اور حکومت کی کامیابیوں کے بارے میں لوگوں کو بتائیں۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے نریندر مودی کی 11 سالہ دور حکومت کو عوامی خدمت میں سنہرا دور قرار دیا، جبکہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اپنی علاقائی سالمیت کی حفاظت کے لیے ہندوستان پُرعزم ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ نریندر مودی کی دور اندیش قیادت سے ہندوستان نے خدمت، اچھی حکمرانی اور جامع ترقی پر مبنی ایک تاریخی تبدیلی لائی ہے۔ این ڈی کی حلیف جماعت لوک جن شکتی پارٹی کے لیڈر اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ ’’ملک نے سماجی انصاف، ثقافتی فخر کے ساتھ معاشی بحالی اور قومی سلامتی کا ایک نیا دور دیکھا ہے۔‘