نئی دہلی 26مئی: راجیہ سبھا میں آسام کی 2 اور تمل ناڈو کی 6 نشستیں خالی ہیں۔ راجیہ سبھا کی ان 8 سیٹوں پر الیکشن کمیشن نے انتخاب کرانے کا اعلان کر دیا۔ پیر کے روز الیکشن کمیشن نے مطلع کیا کہ آسام سے راجیہ سبھا کی 2 اور تمل ناڈو کی 6 نشستوں کے لیے 19 جون کو ووٹنگ ہوگی۔ ان سیٹوں کے موجودہ منتخب اراکین کی مدت جون یا جولائی میں ختم ہو رہی ہے۔ ان نشستوں کے انتخاب کا نوٹیفکیشن 2 جون کو جاری کیا جائے گا۔ دراصل راجیہ سبھا کی جن 8 سیٹوں پر انتخاب کرانے کا اعلان الیکشن کمیشن نے کیا ہے، ان سیٹوں کے موجودہ منتخب اراکین کی مدت 14 جون اور 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری کردہ شیڈول کے مطابق ان نشستوں پر الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 9 جون تک بھرے جا سکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ 10 جون کو ہوگی اور نام واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جون مقرر کی گئی ہے۔ شیڈیول کے مطابق سبھی 8 سیٹوں کے لیے ووٹنگ 19 جون کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی اسی دن شام 5 بجے، یعنی ووٹنگ کا عمل انجام پانے کے ایک گھنٹے بعد کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی مطلع کیا ہے کہ انتخابی عمل 23 جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسام سے راجیہ سبھا کے رکن مشن رنجن داس اور بیریندر (بی جے پی) کی مدت کار 14 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ تمل ناڈو کی نمائندگی کرنے والے 6 اراکین کی مدت کار 24 جولائی کو ختم ہوگی۔ ان میں ڈاکٹر انبومنی رامادوس (پٹالیمکل کچی)، ایم شنموگم (ڈی ایم کے)، این چندر شیکھرن (ڈی ایم کے)، محمد عبداللہ (ڈی ایم کے)، پی ویلسن (ڈی ایم کے) اور وائیکو (ایم ڈی ایم کے) شامل ہیں۔