پٹنہ 25مئی:پٹنہ کے ایس کے پوری تھانہ حلقہ کے ہڑتالی موڑ کے پاس جرائم پیشہ افراد نے ہفتہ (24 مئی) کو فائرنگ کی بڑی واردات کو انجام دیا تھا۔ اب اس معاملہ میں ایس ایس پی نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ایس ایس پی اوکاش کمار نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر، اے ایس آئی سمیت 6 پولیس اہلکار کو معطل کر دیا ہے۔ واضح ہو کہ واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کے بعد معطلی کی یہ کارروائی کی گئی ہے۔ دراصل بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ہوئی گولی باری کے اس واقعہ کے بعد ریاست کی قانونی صورتحال پر سوال اٹھنے لگے تھے۔ ایس کے پوری تھانہ کے ہڑتالی موڑ پر واقع لوہیا پتھ چکر سے لے کر مہادیو مہتو مارگ کے سامنے یو ٹرن تک بغیر نمبر پلیٹ والی کار میں سوار نوجوانوں نے دن دہاڑے فائرنگ کی۔ ہفتہ کی شام 5 بجے پیش آئے اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ واضح ہو کہ کار کی ٹکر ہونے کے بعد ہوئے تنازعہ میں 2 گھنٹے بعد بدلہ لینے کی نیت سے آئے بدمعاشوں نے فائرنگ کر دہشت پھیلانے کی کوشش کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ جس گاڑی پر بیٹھ کر بدمعاشوں نے فائرنگ کی وہ بغیر نمبر پلیٹ کی کالے رنگ کی اسکارپیو تھی۔ ان لوگوں نے بورنگ روڈ فلائی اوور کے سامنے 8 راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے ایک بلینو کار کو ٹکر ماری اور وہاں سے موہنی چوک تک ہوا میں فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد سبھی بدمعاش فلائی اوور پر چڑھ کر فرار ہو گئے۔ اس واقعہ کی تحقیقات کی ذمہ داری سٹی ایس پی سویٹی سہراوت کو سونپی گئی ہے۔ بدمعاشوں کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کی مدد لی جا رہی ہے۔ حالانکہ ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہو پائی ہے۔
اورنگ آباد میں دو ٹرکوں کا تصادم، ایک ہلاک
ممبئی ، 25 مئی (یو این آئی) اورنگ آباد ضلع میں اتوار کی صبح اورنگ آباد -پیٹھن ہائی وے پر تکلی پھاٹا کے قریب دو ٹرکوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ پیٹھن پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔
اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ایشور جگدلے کے مطابق، اینٹوں سے لدا ایک ٹرک آج صبح پٹھان سے اورنگ آباد کی سمت جا رہا تھا کہ تکلی پاڑا کے مقام پر سامنے سے آنے والے ایک اور ٹرک سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں ٹرک الٹ کر گہرے گڑھے میں جا گرے۔
پولیس نے جے سی بی منگوا کر ٹرکوں میں پھنسے دونوں افراد کو نکالا، جن میں سے سمیر نواب شاہ (22) کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔