لارڈز، 13 جولائی (یواین آئی) جوفرا آرچر اور بین سٹوکس (تین تین وکٹیں)، برائیڈن کارس (دو وکٹیں) اور کرس ووکس اور بشیر احمد (ایک، ایک وکٹ) کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں دن سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کو 22 رنز سے شکست دی۔اس سے قبل رویندر جڈیجا (ناٹ آؤٹ 61) کی ذمہ دارانہ نصف سنچری اور نچلے آرڈرکے بلے بازوں کی جدو جہد کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے گیند بازی کے حملے کو روکتے ہوئے چائے کے وقفے تک میچ میں خود کو برقرار رکھا۔چائے کے وقفے کے بعد بھی سنسنی خیز مقابلہ جاری رہا۔ ایک طرف جہاں ہندوستان کے میچ جیتنے کا تصور کیا جا رہا تھا، وہیں آپ انگلینڈ کی فتح کا بھی سوچ سکتے تھے۔ یہاں تک کہ ایک لمحے کے لیے آپ ڈرا کے بارے میں بھی سوچ سکتے تھے، لیکن میچ اس طرح ختم ہوگا، یہ کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔ بشیر کی آف بریک گیند کو سراج نے بیک فٹ پر جا کر ڈیفنس کیا۔ ڈیفنس اچھا تھا، لیکن گیند زمین پر گرنے کے بعد بیک اسپن ہوئی اور وکٹ سے جا ٹکرائی۔ سراج سر جھکائے کریز کے پاس ہی کھڑے رہ گئے۔ بشیر اور انگلینڈ کو قسمت کا عجیب سہارا ملا۔اس سے قبل ہندوستان نے آج یہاں 58 رنز پر چار وکٹوں سے آگے کھیل شروع کیا۔ آج صبح جوفرا آرچر نے رشبھ پنت (نو) کو بولڈ کر کے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بین اسٹوکس نے کے ایل راہل (39) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ہندوستان کی میچ جیتنے کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگایا۔ ساتویں وکٹ واشنگٹن سندر (صفر) کو آرچر نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔ہندوستان نے لنچ کے وقت تک آٹھ وکٹوں پر 112 رنز بنا لیے تھے اور رویندر جڈیجا (ناٹ آؤٹ 17) کریز پر موجود تھے۔ ہندوستان نے آٹھ وکٹوں پر 112 رنز بنا لیے تھے اور اسے جیت کے لیے 81 رنز درکار تھے جبکہ اس کے پاس صرف دو وکٹیں باقی تھیں۔ ایک وقت کے ایل راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد رویندر جڈیجا اور نیتش کمار ریڈی کی جدوجہد بھری بیٹنگ نے ہندوستان کی میچ جیتنے کی امیدوں کو زندہ رکھا تھا۔ لیکن لنچ سے ٹھیک پہلے کرس ووکس نے نتیش کمار ریڈی (13) کو وکٹ کیپر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر ہندوستان کی امیدوں کو دھچکا دیا۔
لنچ کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے جسپریت بمراہ نے جہاں انگلینڈ کے گیندبازوں کو خوب پریشان کیا، وہیں رویندر جڈیجہ اس دوران اسکور میں اضافہ کرتے رہے۔ بمراہ نے 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بنائے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ یہ دونوں کھلاڑی ہندوستان کو جیت دلا دیں گے۔ اس دوران رویندر جڈیجہ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
62ویں اوور میں بین اسٹوکس نے جسپریت بمراہ کو آؤٹ کر کے ایک بار پھر ہندوستان کی امیدوں کو دھچکہ دیا۔ چائے کے وقفے تک ہندوستان نے میچ میں خود کو برقرار رکھا اور اسے جیت کے لیے 30 رنز درکار تھے۔ انگلینڈ نے 74.5 اوورز میں ہندوستان کو 170 کے اسکور پر ڈھیر کر کے مقابلہ 22 رنز سے جیت لیا۔ رویندر جڈیجہ نے 181 گیندوں میں (ناٹ آؤٹ 61) رنز بنائے۔جوفرا آرچر اور بین ا سٹوکس نے تین تین وکٹیں لیں۔ برائیڈن کارس کو دو وکٹیں ملیں جبکہ کرس ووکس اور بشیر احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔