فرخ آباد:04مئی(یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ آج جہاد کی بات کر کے ہم ملک کی جمہوریت کو داغدار کر رہے ہیں، جہاد سے محبت ہے تو بھیک مانگ رہے پاکستان چلے جائیں۔ وزیر اعلی نے فرخ آباد ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 12 کلومیٹر دور فرخ آباد لوک سبھا حلقہ کے بھوجپور اسمبلی کے کمل گنج قصبے کے رام لیلا میدان میں آج بی جے پی امیدوار اور رکن پارلیمنٹ مکیش راجپوت کی حمایت میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بھارت میں 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن مل رہا ہے، جب کہ پاکستان کے 24 کروڑ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ جنہوں نے جہاد کا مسئلہ اٹھایا، ان کے آقاؤں نے ملک کو تقسیم کیا۔ آج جہاد کی بات کر کے ہم ملک کی جمہوریت کو داغدار کر رہے ہیں، جہاد سے محبت ہے تو بھیک مانگ رہے پاکستان چلے جائیں۔ انہوں نے کانگریس (سلمان خورشید اور ان کی بھتیجی ماریہ عالم کا نام لئےبغیر)کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو بھی موقع ملا تھا تو انہوں نے غریبوں کے ساتھ معذورین کے حقوق پر ڈکیتی ڈالی تھی۔ وہی اب ووٹ جہاد کی بات کررہے ہیں۔ بھارت رام کرشن کی دھرتی ہے جہاد کی دھرتی نہیں ہے۔ یوگی نے دعوی کیا کہ سال 2014 سے پہلے کا ہندوستان آپ سب نے دیکھا تھا۔جو دنیا میں اپنا اعتماد کھو دیا تھا، ملک ہر طرف انارکی، دہشت گردی اور منفیت کا شکار تھا۔ نوجوان ہجرت کر رہے تھے، کسان خودکشی کر رہے تھے، کرپشن اپنے عروج پر تھی، ہر طرح کی انارکی تھی، یہ وہ لوگ تھے جنہیں ہندوستان کی جمہوریت پر بھروسہ نہیں تھا، ان لوگوں کو ہندوستان کی ترقی پسند نہیں تھی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2014 کے بعد دنیا میں بھارت کی عزت ہے، ہمیں اسی روپ میں دیکھا جا رہا ہے، آج ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جب کہیں پٹاخہ پھوٹتا ہے تو پاکستان اپنی صفائی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ اس میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں کیونکہ پاکستان جانتا ہے کہ نیا بھارت چھیڑتا نہیں، چھیڑدیا تو نہیں چھوڑتا۔