نئی دہلی، 29 جولائی (یو این آئی) سابق ہندوستانی کھلاڑی سنجے مانجریکر کا کہناہے کہ اگر اہم تیز گیندباز جسپریت بُمرہ 31 جولائی سے شروع ہونے والا سیریز کا آخری ٹیسٹ نہیں کھیلتے ہیں، تو ایسی صورت میں اُن کی جگہ کُلدیپ یادو کو موقع دیا جانا چاہیے، کیونکہ بُمراہ کی غیر موجودگی میں ہندوستان کو ایسا گیندبازی اٹیک چاہیے جو 20 وکٹیں لے سکے۔ای ایس پی این کرک انفو میچ ڈے ہندی پر مانجریکر نے کہا:”ہندوستان کو ایسا بولنگ اٹیک چاہیے جو 20 وکٹیں لے سکے۔ اگر بُمراہ نہیں کھیلتے تو کُلدیپ کو نہ کھلانا میرے خیال میں ناانصافی ہوگی۔ جہاں تک بلے بازی کی بات ہے تو اس پہلو پر ہندوستان کو زیادہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ (رویندر) جڈیجہ بھی اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ مانجریکر نے یہ بھی کہا کہ اس سیریز میں ہندوستان کی حکمتِ عملی زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوئی، اور ضروری ہے کہ سینئر کھلاڑی مل کر ٹیم کی حکمتِ عملی پر دوبارہ غور کریں۔انہوں نے کہا:”مجھے یہ خدشہ ہے کہ چونکہ ہندوستان مانچسٹر میں جیت نہیں سکا، لیکن میچ ڈرا ہو گیا، تو ایسا لگے گا کہ ہم نہیں جیتے لیکن ہماری حکمتِ عملی بھی اتنی خراب نہیں تھی کیونکہ ہم ہارے نہیں۔ لیکن میرے خیال میں ہندوستان جس سطح پر کھیل رہا ہے، وہ تب حاصل ہوا ہے جب ہماری حکمتِ عملی کارآمد نہیں رہی۔ حکمتِ عملی نے ہندوستان کے لیے معاملات کو مزید مشکل بنایا ہے۔ میری امید ہے کہ شُبھمن گل اور دیگر دو تین سینئر کھلاڑی مل کر ایک گروپ کے طور پر ٹیم کی حکمتِ عملی بنائیں، کیونکہ ہندوستان کو ایسا بولنگ اٹیک چاہیے جو 20 وکٹیں حاصل کر سکے۔









