نئی دہلی 23اگست: وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے امریکہ اور یورپ کو روسی تیل کی خریداری کے معاملے پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی ملک کو بھارت سے ریفائنڈ آئل یا دیگر مصنوعات خریدنے میں مسئلہ ہے تو وہ خریدے ہی نہ، لیکن بھارت اپنی قومی مفاد کے مطابق فیصلے کرتا رہے گا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر سخت اقتصادی اقدامات کرتے ہوئے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیکس عائد کردیا۔ اس میں 25 فیصد اضافی ٹیکس بھی شامل ہے جو بھارت کی بڑھتی ہوئی روسی تیل کی درآمدات کو ’’سزا‘‘ کے طور پر لگایا گیا ہے۔ جے شنکر نے ایکنامک ٹائمز ورلڈ لیڈرز فورم 2025 میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’ یہ مضحکہ خیز ہے کہ ایک پرو۔بزنس امریکی حکومت کے نمائندے دوسروں پر بزنس کرنے کا الزام لگائیں۔ اگر آپ کو بھارت سے تیل یا ریفائنڈ پروڈکٹس خریدنے میں اعتراض ہے تو مت خریدیں۔ کوئی بھی آپ کو خریدنے پر مجبور نہیں کرتا۔ یورپ بھی خرید رہا ہے، امریکہ بھی خرید رہا ہے، لیکن اگر آپ کو پسند نہیں تو خریداری بند کریں۔‘