نئی دہلی20ستمبر:کانگریس نے پاکستان کے ذریعہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران ہندوستانی جنگی طیاروں کو مار گرانے کے دعوے کو مکمل طور سے جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے اس تعلق سے اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستانی فضائیہ اس دعوے کی تردید کرے گی اور تمام رافیل طیاروں کو منظر عام پر لا کر پاکستان کے جھوٹ کو بے نقاب کرے گی۔ پون کھیڑا نے خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے بات کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پاکستان نے کچھ ٹیل نمبر دیے ہیں، جو ممکنہ طور پر کل یا پرسوں جاری کیے گئے ہوں گے۔‘‘ پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ جھوٹے دعوے کرتا ہے اور ہندوستانی فضائیہ ہر بار اس کے جھوٹ کو بے نقاب کرتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اگر ہماری فضائیہ رافیل دکھائے گی تو چیزیں واضح ہو جائیں گی اور پاکستان کا جھوٹ بے نقاب ہو جائے گا۔ ہماری فضائیہ پاکستان کا منہ بند کرانا جانتی ہے۔‘‘ پون کھیڑا کے مطابق پاکستان ایسی حرکتیں کر ہماری فوج کے حوصلے کو توڑنے کی کوشش کرتا ہے۔ انھوں نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو فوری طور پر جواب دے اور ثبوت کے ساتھ پاکستانی دعوؤں کو مسترد کرے۔ امریکہ کی جانب سے ایچ-1بی ویزا کی فیس میں اضافہ پر بھی پون کھیڑا نے اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اب ہمارے ان بچوں کو، جو وہاں کما رہے ہیں، ہر سال ایک لاکھ ڈالر دینے ہوں گے۔ یہ ہماری حکومت کی ناکامی کی سب سے بڑی مثال ہے۔‘‘ پون کھیڑا کے مطابق راہل گاندھی نے پہلے ہی مرکزی حکومت کو اس بارے میں آگاہ کر دیا تھا، لیکن حکومت نے اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔








