کانپور، 31 جنوری(یواین آئی) آئی سی سی مردوں کی ٹی 20 عالمی کپ ٹرافی ہفتہ کے روز ہندوستانی ٹیم کے اسٹار اسپنر کلدیپ یادو کے اسکول ‘کرم دیوی میموریل اکیڈمی’ (کے ڈی ایم اے) پہنچی، جہاں اسکول کے بچوں نے ٹرافی کا والہانہ استقبال کیا اور ہندوستانی ٹیم کے ایک بار پھر عالمی فاتح بننے کی دعا کی۔شدید سردی کی پرواہ کیے بغیر آج صبح سے ہی بچے ٹرافی کے انتظار میں قطاروں میں کھڑے تھے۔ جیسے ہی ٹرافی اسٹیج تک پہنچی، پورا اسکول ‘کلدیپ کلدیپ’ اور ہندوستان کی جیت کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر اکیڈمی کے چیئرمین ڈاکٹر سنجے کپور نے کلدیپ کے والد رام سنگھ یادو، ان کے کوچ کپل پانڈے اور اسکول کے کوچ منیش مہروترا کی عزت افزائی کی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ ٹرافی ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہے۔ بی سی سی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ٹرافی کو عالمی کپ کے لیے منتخب ٹیم کے ہر رکن کے اسکول لے جایا جائے گا۔ کلدیپ کے ساتھی اور اسکول کے اسسٹنٹ کوچ آدتیہ پاٹھک نے یقین ظاہر کیا کہ ہندوستانی ٹیم عالمی کپ میں شاندار کارکردگی دکھائے گی۔ وہیں کوچ منیش نے کہا کہ کلدیپ یادو موجودہ ٹیم کے اہم ترین گیند باز ہیں اور وکٹیں حاصل کرنے کی ان کی بھوک ہندوستان کو عالمی چیمپیئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔









